Live Updates

ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا،عمران اسماعیل

ضمنی انتخاب میں درجہ حرارت کم کرنے کیلئے تحریک انصاف کا انتخابی جلسہ جناح گراؤنڈ عزیز آباد کے بجائے شارع پاکستان ہوگا ، رہنما تحریک انصاف

ہفتہ 11 اپریل 2015 22:40

ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا،عمران اسماعیل

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 اپریل۔2015ء) تحریک انصاف کے رہنما اور این اے 246 سے ضمنی انتخاب میں امیدوار عمران اسماعیل نے اعلان کیا ہے کہ19اپریل کو ہونے والا انتخابی جلسہ جناح گراؤنڈ عزیزآباد کے بجائے شارع پاکستان پر ہوگا۔ ہفتہ کو کریم آباد میں انتخابی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں درجہ حرارت کم کرنے کی ضرورت ہے، اس لئے تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابی جلسہ جناح گراؤنڈ عزیز آباد کے بجائے شارع پاکستان ہوگا تاہم اس حوالے سے ایم کیو ایم کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جناح گراؤنڈ کے اطراف گلیاں تنگ ہیں اورجلسے کے اختتام پر نکلتے وقت شرکا کو مشکل ہوسکتی تھی جس کے پیش نظر جلسے کا مقام تبدیل کیا تاہم اب بھی چاہیں تو جناح گرانڈ میں جلسہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب چاہے ایم کیو ایم کا کیمپ لگے یا کوئی اور مسئلہ ہو تحریک انصاف کا 19 اپریل کو جلسہ شارع پاکستان پرہوگا اور جلسے کا مقام تبدیل نہیں کیا جائے گا۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت کسی جماعت سے الیکشن کے لئے مدد نہیں مانگی تاہم جماعت اسلامی سے اپنا امیدوار دستبردار کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے درمیان ون آن ون مقابلہ ہوسکے اور اس حوالے سے جماعت اسلامی کے جواب کا انتظار ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات