بھارت کا ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر واویلا جاری،لکھوی کی رہائی سے پاکستان کا دوغلا پن بے نقاب ہو گیا،بھارت نے تمام ثبوت فراہم کئے لیکن پاکستان نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورٹ میں یہ ثبوت پیش نہ کئے،یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کیلئے دھچکا ہے،بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجواور بی جے پی کے ترجمان نرسیما راؤ کی ہرزہ سرائی

اتوار 12 اپریل 2015 00:08

بھارت کا ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی پر واویلا جاری،لکھوی کی رہائی سے ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 اپریل۔2015ء) بھارت کی جانب سے ممبئی حملہ کیس کے ملزم ذکی الرحمان لکھوی کی رہائی پر واویلا جاری ہے، بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو نے کہا ہے کہ لکھوی کی رہائی سے پاکستان کا دوغلا پن بے نقاب ہو گیا ہے، بھارت نے تمام ثبوت دیئے لیکن پاکستان مقدمے کی سنجیدہ پیروی نہیں کر رہا۔ ہفتہ کو بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے انٹرویومیں کرن رجیجو نے کہا ہے کہ پاکستان ذکی الرحمان لکھوی کے خلاف مقدمے کی سنجیدگی سے پیروی نہیں کر رہا، ہم نے ممبئی حملوں کے حوالے سے تمام ثبوت پاکستان کو فراہم کئے ہیں، لیکن لکھوی کی رہائی اس لئے عمل میں آ گئی کیونکہ پاکستان نے مناسب طریقے سے عدالت میں یہ شواہد پیش ہی نہیں کئے۔

بھارتی وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے سنجیدہ طریقے سے پیروی نہ کرنے سے پاکستان کا دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کا دوہرا چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے، ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارت میں متعین اسرائیلی سفیر ڈینئل کیمرون نے بھی پاکستان ک اقدامات پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھوی کی رہائی پر حیرانی کا اظہار کیا اور اسے دہشت گردی کے خلاف عالمی کوششوں کیلئے ایک دھچکا قرار دیا، ادھر حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان جی وی ایل نراسیما راؤ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان دہشت گردوں کی حمایت کر رہا ہے اور اس نے دہشت گرد تنظیموں کو اپنی سر زمین استعمال کرنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور وہ شدت پسند عناصر کی مالی معاونت بھی کر رہا ہے۔

نر سیما راؤ نے کہا کہ لکھوی کی رہائی کے بعد ممبئی حملوں کے حوالے سے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم لشکر طیبہ اور جماعة الدعوة سمیت کئی کالعدم تنظیمیں پاکستان کی سرزمین پر اپنی آزادانہ مرضی سے گھوم رہی ہیں اور حافظ محمد سعید اور ذکی الرحمان لکھوی جیسے دہشت گردوں کو آزادانہ طور پر جگہ ملی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پوری اسٹیبلشمنٹ نہ صرف ان کی لاجسٹک حمایت کر رہی ہے بلکہ ان کی مکمل پشت پناہی بھی کرتی ہے، جس طرح امریکہ اور فرانس نے لکھوی کی رہائی کے معاملے پر تشویش ظاہر کی ہے اس سے پاکستان کا چہرہ واضح ہو گیا۔

متعلقہ عنوان :