سانحہ تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق 20مزدوروں کی نماز جنازہ ادا ،مقامی قبرستان میں سپردخاک،نمازجنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر،آبائی علاقوں کی فضاسوگوار رہی ،لواحقین ایک دوسرے کو لپٹ کرروتے رہے

اتوار 12 اپریل 2015 12:08

سانحہ تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق 20مزدوروں کی نماز جنازہ ..

رحیم یار خان/بدین /مٹھی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء ) سانحہ تربت میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 20مزدوروں کی نماز جنازہ آبائی علاقوں رحیم یار خان ،تھر پارکر اور بدین میں ادا کردی گئی،اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے،تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والے 20 مزدوروں میں سے 13مزدوروں کی میتیں رحیم یار خان کے علاقوں چک 212اور موضع شاہ پور پہنچائی گئیں۔

(جاری ہے)

6مزدوروں کی نماز جنازہ چک 212 میں ادا کرنے کے بعد سپردخاک کردیاگیا جبکہ 7مزدوروں کی تدفین موضع شاہ پور میں کی گئی ۔ 7مزدوروں کی میتیں آبائی علاقوں تھر پار کر اور بدین میں رات گئے پہنچادی گئیں جس کے بعد 5 مزدورں کی نماز جنازہ تھرپارکر کے گاوٴں چونہار میں ادا کی اور دو مزدوروں کی نماز جنازہ بدین کے گاوں سلیمان منگوانہ میں ادا کی گئی۔تمام افراد کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا ۔بدین سے تعلق رکھنے والے دونوں مزدور سگے بھائی تھے۔گزشتہ روز تربت میں سوراب ڈیم پر کام کرنے والے مزدوروں کے کیمپ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 20 محنت کش جاں بحق ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :