یاسین ملک نے پنڈتوں کیلئے الگ کالونیوں کیخلاف بھوک ہڑتال کا اعلان کر دیا

علیحدہ بستیاں قائم کرکے کشمیر کو ایک اور فلسطین بنانے اور نفرتوں کی دیوار کھڑی کرنے کی سازش کی جا رہی ہے ، یاسین ملک

اتوار 12 اپریل 2015 14:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کے لیے علیحدہ کالونیوں کے بھارتی منصوبے کے خلاف 18اپریل سے 30گھنٹے کی علامتی بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے یاسین ملک نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت نے پنڈتوں کے لیے علیحدہ بستیاں قائم کرکے کشمیر کو ایک اور فلسطین بنانے اور یہاں کے لوگوں کے درمیان نفرتوں کی دیوار کھڑی کرنے کی ایک بڑی سازش رچا لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی منصوبے کے خلاف جمعہ کے روز سرینگر میں ہونے والے احتجاج میں جس والہانہ طریقے سے کشمیری پنڈت خواتین اور مردبھی شامل ہوئے وہ ان فرقہ پرستوں کیلئے چشم کشا ہے جو مقبوضہ علاقے میں فرقہ واریت کے بیچ بونا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہا کہ کشمیر کے مسلمان پنڈتو ں کو اس سرزمین کا ایک لازمی حصہ مانتے ہیں اور ان کی مقبوضہ وادی میں واپسی کشمیری مسلمانوں کیلئے خوشی کا باعث ہوگی لیکن بھارتی ہندو انتہا پسند تنظیمیں پنڈتوں کو الگ کالونیوں میں بسا کر انہیں یہاں کی اکثریتی آبادی کے ساتھ ایک نا ختم ہونے والے تصادم میں الجھانا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک گہری سازش ہے جس کا اصل مقصد تحریک آزادی کو فرقہ واریت کا رنگ دینا ہے ۔محمد یاسین ملک نے کہا کہ اس مذموم بھارتی منصوبے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے منصوبے کے خلاف بھوک ہڑتال کے علاوہ اس حوالے سے سیمینار کے انعقاد کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :