مقبوضہ کشمیر:پنڈتوں کیلئے الگ بستیاں قائم کرنے کے بھارتی منصوبے کیخلاف احتجاج بروقت اورقابل ستائش ہے: شبیر شاہ

اتوار 12 اپریل 2015 14:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے پنڈتوں کیلئے الگ بستیاں قائم کرنے کے بھارتی منصوبے کیخلاف کشمیری عوام کے ردعمل اور احتجاج کو بروقت قراردیتے ہوئے اس کو سراہا ہے۔ سرینگر سے جاری ایک بیان میں شبیر احمد شاہ نے کہا کہ زندہ قومیں ہمیشہ سنجیدہ اور متحد ہوکر سازشوں کا توڑ کرتی ہیں ۔

انہوں نے کامیابی کے حصول کیلئے اتحاد و اتفاق کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کے خصوصی تشخص کو مٹانے کے لئے فرقہ پرست قوتیں متحد ہوچکی ہیں اورہمیں الگ الگ راہوں پر چلنے کے بجائے اجتماعیت اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پنڈت بھائی کشمیر کے پشتنی باشندے ہیں اور صدیوں سے ہمارے ساتھ رہتے آئے ہیں لہذا انکی واپسی کے ہم کبھی مخالف نہیں ہوسکتے لیکن بھارتی سیاستدان اور فرقہ پرست قوتیں ان کی واپسی کی آڑ میں یہاں غیر ریاستی باشندوں کو بسانا چاہتی ہیں اور کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرکے حریت پسندکشمیریوں کوزیر کرناچاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیری پنڈتوں کے واپس آنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور وہ بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے آبائی علاقوں کو لوٹ سکتے ہیں ۔ حریت رہنما نے پنڈت برادری کو تاکید کی کہ وہ کسی جھانسے میں نہ آئیں اور اس سلسلے میں کی جارہی سازشوں کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ شبیر احمد شاہ نے سنیچر کو مکمل ہڑتال کرنے پر وادی کی طلباء تنظیموں ،تعلیمی اداروں کے منتظمین،ٹرانسپورٹروں،کاروباری اداروں اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری بقا ء کا مسئلہ ہے اور اس سلسلے میں کسی تساہل یا تامل سے ہمارے اجتماعی مفاد پر کاری ضرب لگنے کا احتمال ہے ۔

متعلقہ عنوان :