تجربات و مشاہدات سے ثابت ہوا ہے کہ کسان تنظیمیں بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکتی ہیں‘شائق حسین

تمام فیلڈ آفیسران کو بھی ایریا واٹر بورڈز میں بھجوا دیا جائے گا جو کسی نہ کسی سیاسی دباؤ کی وجہ سے پیڈا ہیڈکوآرٹر میں تعینات ہیں‘اجلاس کے دوران گفتگو

اتوار 12 اپریل 2015 16:40

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 اپریل۔2015ء ) پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی(پیڈا) کے ڈپٹی جنرل مینیجر شائق حسین عابدی نے کہا کہ تجربات و مشاہدات سے ثابت ہوا ہے کہ کسان تنظیمیں بہتر انداز میں اپنے فرائض انجام دے سکتی ہیں، کسانوں کی نہری نظام میں شمولیت کے بعد انہیں عزت و احترام ملا ہے۔اِن خیالات کا اظہار پنجاب ایریگیشن اینڈ ڈرینج اتھارٹی(پیڈا) کے ڈپٹی جنرل مینیجر شائق حسین عابدی نے ایک اجلاس سے گفتگو کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ ثابت ہو گیا ہے کہ ہمارے مُلک کا کسان خود بخود نہر چلا سکتاہے ایک وقت ایسا آئے گا جب کسان تنظیمیں ایگریکلچر ایکسٹینشن کا کام خود کرنے کے ساتھ ساتھ منڈیاں قائم کرنے کی صلاحیت حاصل کر لیں گی۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے مختلف پانچ ایریا واٹر بورڈز میں پیڈا سٹاف کی محنت سے کسان تنظیموں نے نہری نظام کو بہتر انداز میں چلانے کے لئے کام جاری کر دیا ہے اور آئندہ گجرات ،پاکپتن اور اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں بھی اس نظام کے تحت جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ کسان تنظیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے مختلف ایریا واٹر بورڈز کے 22ایسے آفیسران کو دیگر ایریا واٹر بورڈز میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو گزشتہ 3سال سے ایک ہی ایریا واٹر بورڈ میں کام کر رہے تھے ۔انہوں نے وضاحت کی آئندہ ہفتے دوسرے مرحلہ میں دیگر تمام آفیسران و ملازمین کو بھی تبدیل کر دیا جائے گا جو گزشتہ 3سال سے ایک ہی ایریا واٹر بورڈ میں کام کر رہے ہیں جبکہ ایسے تمام فیلڈ آفیسران کو بھی ایریا واٹر بورڈز میں بھجوا دیا جائے گا جو کسی نہ کسی سیاسی دباؤ کی وجہ سے پیڈا ہیڈکوآرٹر میں تعینات ہیں۔