حکومت صوبے کے تمام طلبہ و طالبات کو حصول تعلیم کیلئے یکساں سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی ڈاکٹر امجد علی

پیر 13 اپریل 2015 22:04

سوات ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ حکومت صوبے کے تمام طلبہ و طالبات کو حصول تعلیم کیلئے یکساں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے تاکہ شرح خواندگی میں کماحقہ اضافہ ہو اور نئی نسل اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے اداکر سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل بریکوٹ سوات کے گورنمنٹ پرائمری سکول ڈیڈہ ور کومڈل کا درجہ دینے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس منصوبے پر تقریبا93لاکھ روپے لاگت آئے گی اور علاقے کے بچوں کو انکے گھروں کے قریب مزید تعلیمی سہولیات میسر ہوں گی۔

تقریب سے دوسروں کے علاوہ سینئر قانون دان عمر علی شاہ ایڈوکیٹ،سکول کے پرنسپل مظہر الحق، شاہی ملک خان اور سید باچا حسین نے بھی خطاب کیا اور صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے مذکورہ سکول کی اپ گریڈیشن پر مسرت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ تعلیم ہی کی بدولت ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح تعلیم اور صحت کے شعبوں کو فعال بناناہے اور اس سلسلے میں نمایاں تبدیلی لائی گئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ماضی میں حلقہ پی کے۔82 ترقیاتی سرگرمیوں سے محروم رہا ہے لیکن وہ یہ عزم رکھتے ہیں کہ یہاں کے بچے تعلیم سے آراستہ ہو کر موروثی سیاست اور فرسودہ نظام کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکول1966 میں قائم ہواتھا لیکن حکمرانوں کی چشم پوشی کے باعث ابھی تک اپ گریڈیشن سے محروم رہا ہے ۔ تحریک انصاف کا عزم ہے کہ غریبوں کے بچے بھی سہولتوں کے لحاظ سے پیچھے نہیں رہیں گے۔انہوں نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کو زیور تعلیم سے ٓاراستہ کرنے پر بھرپور توجہ دیں تاکہ نئی نسل اپنے کندھوں پر پڑنے والی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھا سکے۔

متعلقہ عنوان :