بھینس کالونی میں باڑے کے مالکان کی لین دین کے تنازع پر ناگوری اور راجپوت برادری میں تصادم، دونوں فریقین کے چھ افراد سخت زخمی

پیر 13 اپریل 2015 22:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اپریل۔2015ء)بھینس کالونی میں باڑے کے مالکان کی لین دین کے تنازع پر ناگوری اور راجپوت برادری میں لاٹھیاں اور گولیاں چل گئیں، دونوں فریقین کے چھ افراد سخت زخمی ، پولیس پہنچ گئی ، زخمیوں کو جناح ہسپتال منقل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز صبح کو بھینس کالونی میں ناگوری اور راجپوت برادری کے باڑے مالکان میں رقم کی لین دین کے تنازع پر تلخ کلامی جھگڑے تک جا پہنچی ۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین کے گوبر اٹھانے والے مزدوروں میں لڑائی ہوگئی ، لاٹھیاں لگنے اور گولیاں چلنے کے باعث دونوں فریقین کے چھ افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں جہانگیر ولد عطا محمد ، اسلم ولد حاجی اکرم قریشی ، یاسر ولد خدا بخش و دیگر کو تشویشناک حالت میں جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا ، جھگڑے کے باعث بھینس کالونی کے پورے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور متعلقہ باڑے جنگ کا میدان بن گئے ، اطلاع پر سکھن پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی جس کے باعث خونریزی کا خطرہ ٹل گیا ، شام کو دیر تک فریقین تھانے میں مقدمہ درج کرانے کی کوشش کرتے رہے لیکن پولیس مقدمہ کو درج کرنے کے بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کرتی رہی۔