صدر سردار یعقوب سے ریڈ کراس ناروے کے عہدیداروں ‘ ریڈ کریسنٹ سو سائٹی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر کی تفصیلی ملاقات ‘آزاد کشمیر میں ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام مختلف فلاحی شعبوں پر تبادلہ خیال

منگل 14 اپریل 2015 18:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 اپریل۔2015ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان سے ریڈ کراس ناروے کے سربراہ سوین میکیو ، نائب صدر سنورے گندرسن ، مس آسٹرڈ ، ریڈ کریسنٹ سو سائٹی پاکستان کے سیکرٹری جنرل بریگیڈئر (ر)غلام حسین ، اور چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر برآنچ شیخ عبدالحمید نے گزشتہ روز یہاں کشمیر ہاؤس صدارتی سیکرٹریٹ میں تفصیلی ملاقات کی ۔

اور آزاد کشمیر میں ریڈ کریسنٹ کے زیر اہتمام چلنے والے مختلف فلاحی شعبوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے ناروے ریڈ کراس کے سربراہ کو خوش آمدید کیا اور انہیں آزاد کشمیر میں فلاحی سرگرمیوں کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ 2005 کے تباہ کن زلزلے اور اس کے بعد سیلاب اوربارشوں سے ہونے والی تباہی کے بعد ریڈ کراس ناروے نے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی ۔

(جاری ہے)

اور ان کی بحالی اور آباد کاری کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کیا ۔ جس پر ہم ریڈ کراس ناروے کی انتظامیہ کے شکر گزار ہیں ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مظفرآباد نیلم اور باغ میں ریڈ کریسنٹ کے دفاتر اور ویٹر ہاؤسز کی تعمیر کے لیے حکومت آزاد کشمیر نے مفت زمین فراہم کر دی ہے ۔ امید ہے کہ ناروے ریڈ کراس کے تعاون سے وہاں خوبصورت عمارات تعمیر ہوں گی ۔

اس منصوبے کے لیے کثیر سرمایہ فراہم کرنے پر ہم نارویحن ریڈ کراس کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کی وزیر سماجی بہبود و ترقی نسواں محترمہ فرزانہ یعقوب نے ریڈ کراس کے حکام کو آزاد کشمیر کی جغرافیائی صورتحال ، محل و وقوع کنٹرول لائن ، کے قریب آباد یوں کو درپیش خطرات اور قدرتی آفات کے امکانات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر دنیا کے نقشے پر ایسے جگہ واقع ہے جہاں زلزلے ، سیلاب ، بارشوں ، اور لینڈ سلائیڈنگ سے اکثر تباہی آتی ہے ۔

پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے تعلیم صحت ، اور آبنو شی کی سہولیات کی سو فیصد فراہمی حکومت کے بس میں نہیں ہو سکتی ۔ اس کے لیے ہمیں ریڈ کراش جیسے عالمی فلاحی اداروں کا تعاون درکار ہوتا ہے ۔ آزاد کشمیر میں امن وا مان کا کوئی مسئلہ نہیں ۔ شرح خواندگی ملک کے دیگر حصوں سے بہت بہتر ہے ۔ خواتین بھی پڑھی لکھی اور با شعور ہیں۔ اس موقع پر ریڈ کراس ناروے کے سربراہ نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں تعلیم ، صحت ، فنی تربیت اور آبنوشی کے منصوبوں سمیت عوام کو قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے ابتدائی طبی امداد اور لوگوں کو بچانے کی تربیت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیلم مظفرآباد ، اور باغ میں ریڈ کریسنٹ کے دفاتر کی تعمیرکرنے کے لیے فنڈنگ کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے بعد تعمیر نہ ہو سکنے والے پرائمری سکولوں کی تعمیر کے لیے بھی ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا تنازعات سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔ دکھی انسانیت کی خدمت ہمارا مشن ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ابتدائی طبی امداد اور قدرتی آفات کی صورت میں لوگوں کو بچانے کے لیے شعور ھاصل کریں۔

ریڈ کراس آزاد کشمیر اور پاکستان میں قدرتی آفات کے وقت امدادی سر گرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے ۔ سیلاب اور زلزلے کے بعد صحت ، تعلیم ، آبنوشی سمیت دیگر شعبوں میں کئی منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔ بچیوں اور خواتین کو تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ تاکہ وہ قدرتی آفات کے وقت چیلنجوں کا مقابلہ کر سکیں۔ اس موقع پر صدر آزاد کشمیر نے ریڈ کراس ناروے کے سربراہ کو آزاد کشمیر کو دورہ کرنے کی دعوت دی اور انہیں ناروے کے کے بادشاہ کی طرف سے نائیٹ ہڈ کا اعزاز ملنے پر مبارک باد دی ۔

اور پولیو سمیت دیگر بیماریوں کے خلاف تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی اور آخر میں صدر آزاد کشمیر نے ریڈ کراس ناروے کے سربراہ کو آزاد کشمیر کی یاد گار شیلڈ پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :