مظفرگڑھ‘پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے پرائمری اور مڈل کے رزلٹ میں ردوبدل

اکیڈیمی مافیا کے طالبعلموں کو خلاف قانون اضافی نمبرز دیکر پوزیشنیں دینے کا انکشاف فرضی تیار کی گئی 10پوزیشنوں کا ریکارڈ خصوصی ٹیم نے قبضہ میں لے لیا ڈی سی او مظفر گڑھ سمیت انکوائری ٹیم نے نگران اور پیپرز چیک کرنے والے عملہ کو طلب کر لیا

بدھ 15 اپریل 2015 19:18

مظفرگڑھ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15اپریل۔2015ء)پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے پرائمری اور مڈل کے رزلٹ میں ردوبدل کر دیا گیا‘اکیڈیمی مافیا کے طالبعلموں کو خلاف قانون اضافی نمبرز دیکر پوزیشنیں دینے کا انکشاف ،فرضی تیار کی گئی دس پوزیشنوں کا ریکارڈ خصوصی ٹیم نے قبضہ میں لے لیا ،ڈی سی او مظفر گڑھ سمیت انکوائری ٹیم نے نگران اور پیپرز چیک کرنے والے عملہ کو طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق مارچ میں پرائمری اور مڈل کے سالانہ امتحانات پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کے زیر اہتمام منعقد کرائے جاتے ہیں جس کا رزلٹ 31مارچ کو جاری کیا جاتا ہے ۔کچھ عرصہ سے مظفر گڑھ میں قائم صدارتی ایوارڈ یافتہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے طالبعلموں کو ہر سال پنجاب بھر میں اور ضلع کی اول سمیت کئی پوزیشنیں حاصل کرنے کے اعلانات کیے جاتے تھے ۔

(جاری ہے)

اس سال بھی مظفر گڑھ میں 31مارچ سے قبل رزلٹ تیار کیا گیااور دس طالبعلموں کا پوزیشن ہولڈر رزلٹ تیار کر لیا گیا جس پر پنجاب ایگزامنیشن کمیشن کی خصوصی ٹیم نے مظفر گڑھ پہنچ کر ان دس پوزیشن ہولڈر طالبعلموں کا ریکارڈ قبضہ میں لیا تو انکشاف ہوا کہ خلاف قانوں اور بڑے پیمانے پر فراڈ کرکے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے بچوں کو نوازنے کے لیے پوزیشنیں دی جارہی تھی جنکا رزلٹ فوری طور پر روک لیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے جبکہ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جن بچو ں کو پوزیشن ہولڈر بنایا گیا انکے پیپرز تبدیل کیے گئے ہیں اور اکثر پیپرز میں سوالات کے جوابات بھی درج نہ ہونے کے باوجود انکو پورے نمبرز دیکر بے ضابطگیاں کی گئی ہیں ۔

جس میں امتحانات کے عملہ سے پیپرز چیک کرنے والے سٹاف سمیت محکمہ تعلیم کے اہم ترین افسران شریک ہیں ۔اس وقت بھی اس بڑے فراڈ کے انکشاف پر تحقیقات کا عمل جاری ہے ۔اور عرصہ دراز سے محکمہ تعلیم میں جاری اس بے ضابطگیوں کے اہم انکشافات ہونے کے امکانات ہیں ۔جبکہ ڈی سی او مظفر گڑھ حافظ شوکت علی نے بھی اس فراڈ کی تصدیق کرتے ہوئے تحقیقات جاری رکھنے اور بھر پور کاروائی کرنے کا اظہار کیا ہے ۔