لاہور ہائیکورٹ نے نجی یونیورسٹی میں ڈی فارمیسی کے طالبعلموں کو آخری سمسٹر میں داخلہ نہ دینے کیخلاف دائر درخواست پر یونیورسٹی انتظامیہ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور فارمیسی کونسل آف پاکستان سے جواب طلب کر لیا

جمعرات 16 اپریل 2015 16:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے نجی یونیورسٹی میں ڈی فارمیسی کے زیر تعلیم طالبعلموں کو آخری سمسٹر میں داخلہ نہ دینے کے خلاف دائر درخواست پر یونیورسٹی انتظامیہ،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور فارمیسی کونسل آف پاکستان سے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد جمیل خان نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار طالبعلموں کے وکیل افتخار شاہد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نجی یونورسٹی نے ڈی فارمیسی کرنے والے اپنے طالبعلموں کے پانچ سمسٹر مکمل کرنے کے بعد آخری سمسٹر میں داخلہ دینے سے روک دیا۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے اس اقدام سے طالبعلموں کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے اور طالبعلم سخت ذہنی اذیت کا سامنا کر رہے ہیں۔ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی سیکرٹری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یونیورسٹی سے اس بابت وضاحت طلب کی گئی ہے عدالت حتمی جواب آنے تک مزید مہلت دے۔

جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کسی صورت طالبعلموں کا مستقبل تباہ نہیں ہونے دے گی اور انکے بنیادی حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت بائیس اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین سے تحریری جواب طلب کر لیا۔