عوام کو ریلیف دینے کے ساتھ ہم پٹواری ازم میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اصلاحات لارہے ہیں،شیخ جعفرمندوخیل

جمعرات 16 اپریل 2015 22:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈٹیکسیشن ریونیو اور ٹرانسپورٹ شیخ جعفرمندوخیل نے کہا ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے ساتھ ساتھ ہم پٹواری ازم میں کرپشن کے خاتمے کیلئے اصلاحات لارہے ہیں، تاہم ہماری ان اصلاحات کی راہ میں بعض ذمہ داران رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں لیکن ہم ان کاوشوں کو جاری ر کھیں گے محکمہ ریونیو میں کرپشن کے خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے کوئی کتنا ہی بااثرکیوں نہ ہو ہم ایسے کرپٹ سرکاری اہلکاروں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے، یہ بات انہوں نے گذشتہ روز تحصیل کوئٹہ کے اچانک دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سینئر ایم بی آر قمر مسعود سیکرٹری ایڈمن نصرالله اوردیگر حکام بھی انکے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر شیخ جعفرمندوخیل نے کہاکہ زمینداروں کے ٹرانسفرز کے نرخ میں ٹیکس کی ادائیگی کیلئے جو ٹیبل بنایاگیا ہے اس سے وہ مطمئن نہیں ہیں کیونکہ وہ انتہائی زیادہ ہے اسلئے ان کی خواہش ہے کہ یہ ٹیکس5یا6فیصد سے زائد نہ ہو اس کے علاوہ ٹیکس کی زیادہ تررقم تحصیل کے اہلکاروں کی جیبوں میں جاتی ہے جوکہ زمین کی کم قیمت شوکرکے سرکاری خزانے میں کم رقم جمع کراتے ہیں جس سے کرپشن کی ایک اور راہ کھلی ہے ہم نے اس سسٹم کو ٹھیک کرنے کیلئے گذشتہ5 ماہ سے کوششیں کررہے ہیں لیکن ہماری ان کاوشوں میں بعض ذمہ داران رکاوٹیں کھڑی کررہے ہیں جس کا مقصد محکمہ ریونیو اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم تحصیل کوئٹہ میں کرپشن کا راستہ روک رہے ہیں جوکہ شاید بعض ذمہ داران اورعناصر کو قبول نہیں ہم نے زمین کے ٹرانسفرز کے مقررہ کردہ نرخ میں کمی کے لئے واضح ہدایات جاری کیں لیکن اسکے باوجود اس میں تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں اورہماری عوام کی بہتری اورانہیں ریلیف دینے کیلئے کی گئی اصلاحات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالی جاری ہیں، انہوں نے اس موقع پر محکمہ ریونیو کے افسران کو ایک مرتبہ پھر سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ زمینداروں کے ٹرانسفرز کے نرخ میں کمی کے فیصلے پر فوری طورپر عملدرآمد کویقینی بنایاجائے اور متعلقہ حکام کو اس پر عملدرآمد کیلئے لکھاجائے اور ان نرخ وٹیکس کی باقاعدہ کتاب بنا کر مشتہر کی جائے تاکہ عام آدمی کو بھی علم ہوکہ اسے کتنا ٹیکس دینا ہے، انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کی اس محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہم تحصیل میں پٹواری ازم کے خاتمے کیلئے اصلاحات لارہے ہیں اورکرپشن کے حوالے سے جو داغ اس شعبے میں لگا ہے اسے ختم کرنے کی بھرپور کوشش کرینگے انہوں نے تحصیل کے تمام افسران اور عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنا قبلہ درست کریں اور عوام کو ریلیف دیں اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں تاکہ عوام میں ان کا امیج اچھا ہو، اس موقع پر انہوں نے تحصیل کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور زمینوں کے فرد اور ٹرانسفرز کیلئے کمپیوٹرائز سسٹم کو مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات کیلئے تحصیل میں بکس رکھنے کی ہدایت کی، اس حوالے سے سینئر ایم بی آر قمر مسعود نے بھی میڈیا کا بتایا کہ جو چیزیں تسلی بخش نہیں ہیں اس پر ہم کام کریں گے اس کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات دیدی گئی ہیں دورے کے موقع پر ایم بی آر نصرالله خان، تحصیلدار سٹی علی احمد خان تحصیلدار صدر محمد جان جمالدینی نائب تحصیلدار سٹی عبدالقہار اورنائب تحصیلدار صدر مصطفی خان بھی ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :