Live Updates

کنٹونمنٹ بلدیاتی الیکشن ،پی ٹی آئی کے کوآرڈی نیٹرز کا اجلاس الیکشن آفس کا افتتاح ، ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم

سیاسی حالات کروٹ لے چُکے ، پی ٹی آئی نے نیاویژن دیا، دیگر جماعتوں کو عمران خان کا مشکور ہونا چاہیے عبدالعلیم خان کا استقبال واخطاب

جمعہ 17 اپریل 2015 19:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17اپریل۔2015ء ) لاہور کنٹونمنٹ کے بلدیاتی الیکشن میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں مختلف ٹاؤنز سے پارٹی عہدیداران شرکت کررہے ہیں جبکہ پی پی 156کے 10وارڈز کیلئے پی ٹی آئی کے مقرر کردہ کوآردینٹرز کا اہم اجلاس ضلعی صدر پی ٹی آئی عبدالعلیم خان کی زیرصدارت منعقد ہوا ۔جس میں جاری انتخابی مہم کے مختلف پہلوؤں پر غور خوض کے علاوہ نواز لیگ کی جانب سے کی جانے والی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کا فیصلہ کیاگیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک بھر میں عمران خان کے باعث سیاسی حالات کروٹ لے چُکے ہیں ۔ پی ٹی آئی نے عوام کو نئے سیاسی ویژن سے روشناس کرایاہے اور تنقید کرنے والے اب خود اس کی پیروی کرتے دکھائی دیتے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن میں جانے والی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو عمران خان کا مشکو ر ہونا چاہیے اور خود وزیر اعظم اور ان وفاقی وزراء کو بھی اس کمیشن سے رجوع کرنا چا ہیے اور جو میڈیا کے ذریعے دھاندلی کا رونا روتے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبد العلیم خان نے کہا کہ 25اپریل کو کینٹ کے بلدیاتی الیکشن ایک مرتبہ پھر ثابت کرینگے کے ملک کی مقبول ترین جماعت پی ٹی آئی ہی ہے اور عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔اجلاس میں ایم ٹی اے میاں اسلم اقبال کے علاوہ پارٹی عہدے دارن جمشید اقبال چیمہ ، سردار کامل عمر، میاں محمد افتخار ، ڈاکٹرزرقا تیمور، عائشہ خالد ، ڈاکٹر جویریہ ، انیلہ ساجد بیگ، فرخ جاوید مون، شیخ عامراور ڈاکٹر فاروق طاہر بھی موجود تھے۔

دریں اثنا ء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے لاہور کینٹ کی وارڈ نمبر 2میں تحریک انصاف کے پارٹی امیدوار چوہدری اخلاق حسین کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا اور عوامی رابطہ مہم میں حصہ لیتے ہوئے ڈورٹو ڈور کنویسنگ میں حصہ لیا۔ سابق ایم پی اے شعیب صدیقی کے علاوہ رانا عصمت علی ، چوہدری اخلاق، ڈاکٹر فاروق طاہر چشتی اور اشتیاق ملک بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ علاقے میں آمد پر لوگوں نے عبدالعلیم خان اور اُن کے ساتھیوں کا شاندار استقبال کیا اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے اور زبر دست نعرے بازی کرتے رہے۔

پی ٹی آئی کے شعبہ خواتین ، انصاف ٹائیگر اور ٹائیگرس فورس اور دیگر شعبہ جات بھی والٹن اور کینٹ بورڈ کی مختلف وارڈ ز میں انتخابی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ اور پارٹی امیدواروں اور بلے کے نشان کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات