اوورسیز کمیشن پنجاب یونیورسٹیوں کے تعاون سے طلبہ و طالبات کے ایئر پورٹ پر انٹرن شپ پروگرام

ہفتہ 18 اپریل 2015 15:17

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18اپریل۔2015ء) پنجاب کے تمام انٹر نیشنل ائرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیوں کی رہنمائی کے لئے اوورسیز کمیشن پنجاب فوکل پرسن تعینات کرے گااور پی آئی اے فوکل پرسن کی تعیناتی میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔اس بات کا فیصلہ وزیر اعظم پاکستان کے سپیشل اسسٹنٹ برائے سول ایوی ایشن شجاعت عظیم اور کمشنر اوورسیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی کی اسلام آباد میں منعقد ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی جی اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب خواجہ داؤد اور پی آئی اے کے اعلی افسران بھی موجود تھے۔دوران ملاقات پاکستان کے مختلف انٹرنیشنل ائرپورٹس پر اوورسیز پاکستانیو ں کو درپیش مشکلات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر افضال بھٹی نے کہا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور ان کی دوران سفر مشکلات کو حل کرنے کے لئے پی آئی اے کے تعاون سے راولپنڈی، لاہوراور ملتان ائرپورٹ پرفوکل پرسن تعینات کئے جائیں گے جو اوورسیز پاکستانیوں کو ائرپورٹ پر رہنمائی فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران شجاعت عظیم نے کہا کہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن پاکستان کے تمام انٹرنیشنل ائر پورٹس پر پورٹرسروس کو معطل کر کے اس کی جگہ مے آئی ہیلپ یوMay I Help You? سروس کا آغاز کر رہی ہے جو مسافروں کو سامان کی شفٹنگ میں بلا معاوضہ مدد فراہم کرے گی۔سپیشل اسسٹنٹ برائے ایوی ایشن نے کہا کہ پی آئی اے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی موت کی صورت میں میت کو پاکستان بلا معاوضہ پہنچاتا ہے اور مریضوں کے ساتھ دوران سفر میڈیکل سرٹیفکیٹ پراٹنڈنٹ کو پچاس فیصد رعایت پر ٹکٹ فراہم کی جاتی ہے -انہوں نے کہا کہ اس سہولت کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔

اس موقع پر اوورسیز کمیشن پنجاب افضال بھٹی نے کہا کہ پی آئی اے معذور اوورسیز پاکستانیوں کو دوران سفر مکمل سہولیات فراہم کرے تا کہ انہیں پاکستان آنے جانے میں کوئی دقت پیش نہ آئے۔افضال بھٹی نے دوران ملاقات بتایا کہ اوورسیز کمیشن پنجاب مختلف یونیورسٹیوں کے تعاون سے طلبہ و طالبات کو ائیر پورٹ پر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر رہا ہے جس پر عملدرآمد آئندہ چند دنوں میں ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ائرپورٹس پر پارکنگ کے مسائل کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :