Live Updates

کینٹ بلدیاتی الیکشن : تحریک انصاف کے والٹن اور کینٹ وارڈز میں جلسے ، بگیوں پرریلی زور دارنعرے و آتش بازی

سرکاری خزانے سے کرپشن اور لوٹ مار کرنے والے مستر د ہونگے،عمران خان 23اپریل کو لاہور آئینگے عبدالعلیم خان میؤ برادری و پیپلز پارٹی کے سرور قصوری کی پی ٹی آئی میں شمولیت ، پولنگ سکیم کی تبدیلی پر آر او کے خلاف احتجاج

پیر 20 اپریل 2015 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20اپریل۔2015ء ) لاہور کنٹونمنٹ کے بلدیاتی انتخابات میں والٹن وارڈ 9میں پی ٹی آئی کے اُمیدوارشیخ بشارت علی کے حلقے میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی قیادت میں بگیوں ،گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قینچی امرسدھومیں ایک بڑی انتخابی ریلی کا انعقاد کیا۔ جہاں نعروں اور نغموں کی گونج میں پارٹی ورکرز ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے رہے اور مہمان خصوصی عبدالعلیم خان ، حافظ فرحت عباس، شیخ بشارت علی اور میؤبرادری کے عمائدین کا بھر پور استقبال کیاگیا۔

اس موقع پر کارکنوں نے آتش بازی بھی کی اور پارٹی قائدین کو کاندھوں پر اٹھائے رکھااور کون بچائے گا پاکستان عمران خان کے نعرے لگاتے رہے۔ والٹن وارڈ 10میں پی ٹی آئی کے اُمید وارچوہدری اختر علی کے جلسے میں پی ٹی آئی کے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کی موجودگی میں پیپلز پارٹی کے سابق کونسلر غلام سرور قصوری نے تحریک انصاف میں شمولیت اور ساتھیوں سمیت بلدیاتی الیکشن میں بھر پور ساتھ دینے کا اعلان کیا جبکہ میؤبرادری کے برکت مئیو ،نصیر مئیو، عبدالمجید، عارف مئیو، محمد فریاد شیخ، ملک زاہد بشیراور حاجی عمر دین مئیونے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح جان محمدنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف کے اُمیدواروں کی انتخابی مہم میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔والٹن وارڈ 8میں پی ٹی آئی کے امید وار راؤدلشاد خان کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عبدلعلیم خان نے کہاکہ سرکاری خزانے سے کرپشن اور لوٹ مار کرکے ذاتی کاروبار بڑھانے والے مستر د ہونگے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے گٹھ جوڑ نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

سرکاری بینکوں کے قرضے معاف کروانے والے عوام کے خیر خواہ بنے بیٹھے ہیں لیکن عوام باشعور ہوچکے ہیں اور انشاء اﷲ 25اپریل کو کینٹ کی ہر وارڈ میں جیت بلے کی ہوگی اور ووٹرز ایک بار پھر عمران خان پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہار کرینگے۔وارڈ 8والٹن سے میاں طاہرمحمود ،ڈاکٹر نثار احمد ، ممتاز حسین نیازی،رانازاہد محمود اور قمر خان نیازی نے پی ٹی آئی کے اُمیدواروں کی حمایت کااعلان کیاجبکہ تحریک انصاف کی طرف سے والٹن کی وارڈ نمبر 1سے 5تک کے ریٹرنگ آفیسر وسیم شاہد کے خلاف پولنگ سکیم میں بتائے بغیر تبدیلی کرنے پر سخت احتجاج کیا گیااور اس ضمن میں الیکشن کمیشن کوتحریری اعتراض بھجوانے کا اعلان کیاگیا۔

تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان کے مطابق اب عمران خان کا لاہو رکا دورہ 23اپریل بروز جمعرات ہوگا۔ جس کے لیے ضلعی آفس میں منعقدہ ضلع بھر کے عہدے داروں کے اجلاس میں عمران خان کے 23اپریل کے دورہ لاہور کو حتمی شکل دی گئی اور سابقہ تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے انتظامات کو زیادہ بہتر بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔پارٹی کے تمام شعبہ جات کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور شعبہ خواتین کے علاوہ عمران ٹائیگراور ٹائیگرس فورس کے ذمہ داران کی بھی ڈیوٹیاں لگائی گئیں تفصیلات کے مطابق عمران خان23اپریل بروزجمعرات دن 2بجے لاہور پہنچیں گے اور صدر بازار گول چکر، بھٹہ چوک، لالک چوک، پنجاب سوسائٹی ، فیروز پور روڈ اور والٹن روڈ پر پارٹی امیداواروں کے انتخابی دفاترکے باہرخطاب کرینگے پی ٹی آئی کے اجلاس میں ایم پی اے میاں اسلم اقبال، شعیب صدیقی ، میاں حامد معراج، جمشید اقبال چیمہ ، میاں افتخار، منشاء سندھو، اصغر گجر، شاہد صدیق، مہر واجد عظیم ،ظہیر عباس کھوکھر،خالد گجر ، میاں یامین ٹیپو، خواجہ جمشید امام، فرخ جاوید مون، شیخ عامر، مہناز رفیع ڈاکٹر زرقا تیمور، عائشہ خالد ،مسرت جمشید، ڈاکٹر جویریہ، انیلہ ساجد بیگ، ثمینہ سہیل اور غزالہ رفیق، آئی ٹی ایف کے سید راشد ریاض اور ثانیہ کامران نے شرکت کی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات