قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے گورنر سندھ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا

بدھ 22 اپریل 2015 10:56

قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے گورنر سندھ سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے گورنر سندھ عشرت العباد سے لاتعلقی کا اعلان کرتےہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی چھاپوں اور پارٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا کوئی نوٹس نہیں لیا ، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کیس ختم ہوجائیں تو کل پاکستان واپس آجاؤں ، جب تک زندہ ہوں متحدہ کی قیادت سنبھالوں گا ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ نے غیر قانونی چھاپوں اور گرفتاریوں کا کوئی نوٹس نہیں لیا ، ڈاکٹر عشرت العباد وفاقی حکومت کے نمائندے تھے اور ہیں ، اس لئے اب عشرت العباد کا متحدہ سے تحریکی اور تنظیمی تعلق نہیں ، متحدہ کے کارکن کسی مسئلہ پر گورنر سے رابطہ نہیں کرینگے ، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں ان کے خلاف جاری کیس آج ختم ہو جائیں تو وہ کل پاکستان واپس آجائیں ، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کا کہنا تھا کہ کارکن خوفزدہ ہو کر گھر میں بیٹھنا چاہتے ہیں تو بیٹھ جائیں ، انہیں موت آجائے تو کارکن غم نہ کریں ، الطاف حسین نے کہا کہ انہوں نے پچیس سال سے لندن میں بیٹھ کر متحدہ کی قیادت سنبھالی اب بھی سنبھال سکتے ہیں ۔