سعودی عرب میں خاتون کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر ایک شخص گرفتار

بدھ 22 اپریل 2015 18:27

سعودی عرب میں خاتون کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے پر ایک شخص ..

مکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء) سعودی عرب میں ایک خاتون کو تھپڑ مارنے والے شخص کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد گرفتارکرلیا گیا ۔عالمی میڈیا کے مطابق مکہ پولیس کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عطی القریشی کا کہنا ہے کہ تفتیش کاروں نے50 سالہ سعودی شخص کو حراست میں لے کر اس سے تفتیش کا سلسلہ شروع کردیا ہے جب کہ ویڈیو میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون سے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

یہ دونوں شہری جدہ کے علاقے بلد میں ایک دکان پر کام کرتے تھے اور وہیں ان کا کسی بات پر جھگڑا شروع ہوگیا جس کے بعد نوبت ہاتھا پائی تک جاپہنچی جس کی ویڈیو بنائی گئی۔یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی گئی جس کے نتیجے میں شدید عوامی ردعمل کا مظاہرہ کیا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون زمین پر گرجاتی ہے اور تھپڑ مارنے والے شخص کو برا بھلا کہتی ہے مگر اس موقع پر موجود کوئی بھی شخص اس کی مدد کے لئے آگے نہیں آتا ہے۔

(جاری ہے)

ویڈیو پر ردعمل میں جنرل ایڈمنسٹریشن انسٹی ٹیوٹ میں لیکچرر عبدالرحمان النبان نے خاتون کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ تشدد کرنے والے شخص کا رویہ مردانہ اقدار کے مطابق نہیں تھا۔سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے ویڈیو میں نظر آنے والے مجمع کو خاتون کی مدد نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ مکہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو اس واقعہ کی شفاف تفتیش کرنے اور انہیں اس مقدمے میں پیش رفت سے آگاہ رکھنے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :