مظفرآباد،زمین کا عالمی دن کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

بدھ 22 اپریل 2015 18:36

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22اپریل۔2015ء) زمین کا عالمی دن (عالمی یوم ارض)، آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد، ORIC اور ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری میں اس دن کی مناسبت سے مختلف ایونٹس کے ذریعے عالمی یوم ارض کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی ، ڈین فیکلٹی آف سائنسز اینڈ انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر محمد رستم خان ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری، چیئر مین ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری ڈاکٹر خواجہ انصر یاسین ، سید مجتبیٰ علی بخاری، یو نیورسٹی فیکلٹی ممبران ، طلبا و طالبات سمیت دیگر نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں زمین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اسی حوالے سے آزاد جموں و کشمیر یو نیورسٹی کے شعبہ ORIC اور ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر جامعہ کشمیر پروفیسر ڈاکٹر سید دلنواز احمد گردیزی نے دھرتی کے عالمی دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے باعث زمین کو شدید خطرات لاحق ہیں ، جن سے نمٹنے کے لیے ہمیں حکمت عملی اپنانا ہو گی، زمین کی حفاظت کے لیے اگر جنگلات کو بچایا نہ گیا تو آنے والے دور میں زمین پر بسنے والے انسانوں کو شدید مشکلات پیش آ سکتی ہیں، جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کا آغاز جہاں ماحول کو صاف بنانے میں مدد فراہم کرے گا وہاں ہم سب کو شجر کاری کے علاوہ لینڈ سلائنڈنگ اور زمین کے کٹاؤ سے نمٹنے کے لیے بھی کا وشیں کرنا ہو ں گی،انہوں نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد کے شہری اور با لخصوص جامعہ کشمیر کے طلبہ زمین کی حفاظت، ماحول کو بہتر بنانے اور شجر کاری مہم کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں 3R حکمت عملی جو کہ Reduce Recycle and Reuse کے اصولوں پر مبنی ہے کے فروغ و کاربند رہنے پر بھی زور دیا۔