بھارتی حکومت نے کشمیر کونقشے پر پاکستان کا حصہ دکھانے پر ملک میں الجزیرہ کی نشریات بندکردیں

بدھ 22 اپریل 2015 21:51

بھارتی حکومت نے کشمیر کونقشے پر پاکستان کا حصہ دکھانے پر ملک میں الجزیرہ ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی 22اپریل۔2015ء ) بھارتی حکومت نے کشمیر کو نقشے میں بھارت کے علاوہ چین اور پاکستان کا حصہ دکھانے پر الجزیرہ ٹی وی چینل کی نشریات کو پانچ دن کے لیے بند کر دیا ۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے کشمیر کا متنازع نقشہ دکھانے پر ملک میں الجزیرہ کی نشریات بند کردی ہیں۔الجزیرہ نیوز چینل نے بدھ کو چینل کی سکرین پر نیلی سکرین دکھاتے ہوئے کہا کہ نشریات پیر تک دستیاب نہیں ہوں گی۔

بھارت کا کہنا ہے کہ الجزیرہ نے غلط نقشے میں کشمیر کو چین، بھارت اور پاکستان میں تقسیم کر کے دکھایا۔پاکستان اور بھارت دونوں کشمیر پر دعویٰ کرتے ہیں اور اس مسئلے پر دونوں ممالک کے درمیان جنگیں بھی ہو چکی ہے جبکہ اکثر اوقات جنگ بندی کے معاہدے کے باوجود متنازع خطے کو تقسیم کرنے والی عبوری سرحد پر جھڑپیں بھی ہوتی رہتی ہیں۔

(جاری ہے)

بھارتی حکومت کی جانب سے منظور کیے جانے والے نقشوں میں اب کشمیر کے پورے خطے کو بھارت کا حصہ دکھایا جاتا ہے جبکہ دیگر نقشوں میں کشمیر کو ایل او سی کے ذریعے پاکستان اور بھارت کے درمیان منقسم دکھایا جاتا ہے۔

بدھ کو بھارت میں الجزیرہ کے بھارت میں پروگرام نشر نہیں ہوئے اور نیلی سکرین پر صرف یہ دکھایا جا رہا ہے کہ وزارتِ اطلاعات و نشریات کی ہدایت کے مطابق 27 اپریل تک چینل دستیاب نہیں ہو گا۔الجزیرہ کے بھارت میں بیورو چیف انمول سکسینہ کا کہنا ہے کہ چینل نے وزارت سے رابطہ کیا ہے اور امید ہے کہ نشریات بند کرنے کے احکامات واپس لے لیے جائیں گے۔بھارتی حکام نے رواں ماہ کے شروع میں الجزیرہ کی نشریات بند کرنے کا حکم دیا تھا۔بھارتی حکام اکثر اوقات کشمیر پر بھارتی دعوے کے بارے میں درست طریقے سے نہ بتانے پر بین الاوقوامی میڈیا پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔بین الاقوامی میڈیا ادارے بھارتی حکومت پر سنسرشپ پر الزام عائد کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :