ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف منصوبے بنارہے ہیں ٗہم دشمن بھاگ گئے ہیں ختم نہیں ہوئے ٗوزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان

پاکستان پر شدید خطرات منڈلا رہے ہیں ٗ اسلام آباد کی پولیس کو ماڈل پولیس بنایا جائے گا اور اچھی کارکردگی پر پورے ملک سے زیادہ مراعات دی جائیں گی ٗتقر یب سے خطاب

بدھ 22 اپریل 2015 21:56

ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف منصوبے بنارہے ہیں ٗہم دشمن بھاگ گئے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی 22اپریل۔2015ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے خبردار کیا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے خلاف منصوبے بنارہے ہیں ٗہم دشمن بھاگ گئے ہیں ختم نہیں ہوئے ٗپاکستان پر شدید خطرات منڈلا رہے ہیں ٗ اسلام آباد کی پولیس کو ماڈل پولیس بنایا جائے گا اور اچھی کارکردگی پر پورے ملک سے زیادہ مراعات دی جائیں گی۔

پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو آئے روز دھماکے ہوتے تھے تاہم اب ایسا نہیں ہوتا، ہمارے دور میں اب تک 500 سے زائد انٹیلی جنس آپریشن ہوئے جس میں متعدد دہشت گردوں کو پکڑا گیا تاہم پاکستان کو لاحق خطرہ کم نہیں ہوا، انٹیلی جنس اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد منصوبے بنارہے ہیں اور ملک پر اب بھی شدید خطرات منڈلار ہے ہیں تاہم ہم بھی سینہ سپر ہیں۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کہاکہ اسلام آباد پولیس میں حرام کھانے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ، پولیس اہلکار کارکردگی دکھائیں انہیں ملک بھر میں سب سے زیادہ مراعات دیں گے، اہلکار اﷲ کے سوا کسی کا خوف دل میں نہ رکھیں اور وردی وہی پہنے جس میں جذبہ ہو جب کہ جس نے کام نہیں کرنا وہ اسلام آباد پولیس چھوڑدے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر گزشتہ دنوں اعلیٰ پولیس افسر کے بھائی کی گاڑی روکنے پر اہلکاروں کو انعام دیا ٗ وفاقی دارالحکومت میں جرائم میں کمی نہ ہونے پر آئی جی پولیس کی سرزنش بھی کی۔

۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ملکی معاشی حالات ٹھیک نہیں تاہم پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں۔ وزیرداخلہ نے رینجرزاہلکاروں کی تعریف اور پولیس پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ فورس کے اہلکاردن دہاڑے ڈیوٹی کے دوران خواب خرگوش کے مزے لیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مجھے روایتی پولسنگ نہیں چاہیے اسلام آباد پولیس کو ماڈل پولیس بنایا جائے گا۔وزیرداخلہ نے کہاکہ پولیس کسی کا خوف دل میں نہ رکھے جب تک میں ہوں بڑے سے بڑا قبضہ گروپ یا مجرم پولیس کونقصان نہیں پہنچاسکتا۔چودھری نثار نے دھرنے کے دوران ڈیوٹی پولیس افسروں اور اہلکاروں کوتعریفی اسناد دیں۔