بی جے پی ،پی ڈی پی کا کشمیر مخالف مشترکہ پروگرام آر ایس ایس نے تیار کیا،محمد یاسین ملک

کشمیر مخالف ایجنڈے کی بھرپور مزاحمت کی جائیگی ، چیئرمین جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ

جمعرات 23 اپریل 2015 17:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23اپریل۔2015ء)جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کا کشمیر مخالف مشترکہ پروگرام انتہاء پسند ہندوجماعت راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ نے تیار کیا ہے اور مفتی محمد سعید کی کٹھ پتلی انتظامیہ بھارت کے تعاون سے اس پر عمل کر رہی ہے ۔ یاسین ملک نے ایک بیان میں خبردار کیا کہ کشمیر مخالف ایجنڈے کی بھرپور مزاحمت کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ایجنڈا کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کے آر ایس ایس کے منصوبے کا حصہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس ایجنڈے کی ہرممکن مخالفت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نواز پی ڈی پی کی قیادت نے پہلے کشمیری عوام کا یہ یقین دلاکر گمراہ کیا کہ وہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے ووٹ ڈالیں اور اب وہ اسکے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیر کے انضمام کیلئے متعدد اقدامات کر رہا ہے جن میں جموں وکشمیر میں غیر کشمیریوں کو بسا کر مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کوبگاڑنا شامل ہے ۔