پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں ڈریس اینڈ کلچرل شو میں طلبہ و طالبات کی بھرپور شرکت

طلباء و طالبات نے پنجابی، سندھی، بلوچی ،پشتون اور قبائلی ملبوسات پہن کر پاکستان کے مختلف علاقائی ثقافت کی عکاسی کی

جمعہ 24 اپریل 2015 20:22

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24اپریل۔2015ء) پنجاب یونیورسٹی ادارہ علوم ابلاغیات میں ڈریس اینڈ کلچرل شوکے موقع پر طلباء و طالبات نے پنجابی، سندھی، بلوچی ،پشتون اور قبائلی ملبوسات پہن کر پاکستان کے مختلف علاقائی ثقافت کی عکاسی کی اور قومیت کے مختلف رنگوں کی نمائش کی اس موقع پر ملی نغمے بھی گائے گئے ۔ یہ تقریب سالانہ سپورٹس گالا2015کے سلسلے میں منعقد ہوئی اورطلباء نے اس میں بھڑ چڑھ کر حصہ لیا۔

طالبات کے بہترین لباس کے مقابلے میں بلوچی پہلے ، راجستانی دوسرے ، پنجابی تیسرے اور دلہن چوتھے نمبر پر آئے، جبکہ طلبہ کے مقابلے میں پنجابی پہلے ،پشتون دوسرے ، کیدوتیسرے اور پاک عرب دوستی گروپ چوتھے نمبر پر آئے جن کے لئے خصوصی انعامات کا اعلان کیا گیا۔

(جاری ہے)

انچارج ڈائریکٹر ڈاکٹر نونشینہ سلیم نے کہا کہ طلبہ وطالبات نے پاکستان کی ثقافت کو رنگا رنگ اور خوبصورت ملبوسات سے پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سٹوڈنٹس کا جوش و خروش دیکھ کر بہت خوشی محسوس کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں ہمیں سٹوڈنٹس کو اس طرح کی تفریح مہیا کرتے رہنا چاہئے۔دن کا آغازکرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل سے ہواجس میں ادارہ علوم ابلاغیات کی ریپلیکا کی ٹیم فاتح قرار پائی ،اس موقع پرشبیر سرور، عامر محمود باجوہ ،سیماب فر بخاری،عفیرہ حامداور سپورٹس کمیٹی کے ممبران شہبازاسحاق، محمد اقبال، وقاص شہزادہ اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔

ڈاکٹر نوشینہ سلیم نے فاتح ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی پرفارمنس کو سراہا۔دوسرے روز کیرم بورڈ، ٹیبل ٹینس اور لُڈو کے مقابلے کرائے گئے۔ سپورٹس گالاکا مقصد طلبہ و طالبات کی صلاحیتوں کو کھیلوں کے ذریعے اجاگر کرنا ہے ۔ اس سال کرکٹ ٹونامنٹ، فٹبال ٹونامنٹ، بیٹمنٹن، ٹیبل ٹینس، شطرنج کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوں کا بھی انعقاد کیا گیا ہے۔