عالمی یوم ملیریا کے موقع پر میرپور میں واک کا اہتمام کیا گیا

واک کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کریں گے‘اصغر ندیم مہر

اتوار 26 اپریل 2015 13:27

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26اپریل۔2015ء)آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع کیطرح میرپور میں بھی ،، عالمی یوم ملیریا ،، کے موقع پر محکمہ صحت عامہ شعبہ متعدی امراض کی طرف سے ملیریا اور ڈینگی فیور سے بچاو کے لیے شعور اگاہی کے پیش نظر واک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر اصغر علی چوہدری ، ڈسٹرکٹ ڈرگق انسپکٹر ڈاکٹر محمد وسیم خان ، چیف ٹیکنیشن اصغر ندیم ، حاجی عبدالجبار چوہدری ، راجہ محمد اعجاز ، منظور احمد ،راجہ گلزار احمد ، راجہ عبدلروف ، شوکت جرال، عبدالمجید بھٹی، محمد یامین چوہدری، محمد حنیف بیگ ،چوہدری عبدالقیوم ، شوکت علی چاندی کے علاوہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آ فیسر ڈاکٹر روبینہ عدالت کی ہدایت پر ضلع بھر سے سی ڈی سپروائزارن اور پیرا میڈیکس کی بڑی تعداد نے شرکت کی احاطہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سے شروع ہونے والی واک چوک شہداں سے واپس ڈی ایچ او آفس اختتام پذیر ہوئی شرکاء واک نے ملیریا اور ڈینگی فیور سے متعلقہ بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے واک کے اختتام پر شرکاء واک سے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملیریا اور ڈینگی فیور ایک خطرناک اور جان لیوا امراض ہیں لیکن ان خطرناک امراض سے بچاو اور بروقت علاج معالجہ سے اگاہی کی صورت میں محفوظ رہا جا سکتا ہے مقررین نے کہا کہ ملیریا جیسے موزی مرض پر کافی حد تک قابو پایا گیا ہے اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کی بہتر حکمت عملی اور ملیریا ورکرز کی انتھک محنت سے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں مقررین نے شرکاء واک پر زور دیا کہ وہ وطن عزیز سے ان خطرناک امراض کے خاتمہ اور قیمتی جانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں آخر میں چیف ٹیکنشن اصغر ندیم مہر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ واک کے حقیقی مقاصد کو حاصل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کریں گے ۔