ایجو کیٹرز کی بھرتی کی تکمیل پر تقریب کا اہتمام ‘تقرری کے لیٹرز تقسیم کئے گئے

پیر 27 اپریل 2015 16:42

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء)محکمہ تعلیم ضلع قصور کے زیر اہتمام ایجو کیٹرز کی بھرتی 2015ء کی تکمیل پر ڈی سی او کمیٹی رو م میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں ڈی سی او قصور عدنان ارشد اولکھ ،ایم این ایز ملک رشید احمد خاں ،چوہدری سلمان حنیف ،ای ڈی او ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی ، ڈی ای او زملک محمد اشرف ، کوثر پروین ،پرنسپل ڈاکٹر سلامت علی ، ڈپٹی ڈی ای اوز محمد امین سندھو ، عبدالحمید خاں اور نئے بھرتی ہونیوالے ایجو کیٹرز نے شرکت کی ۔

ای ڈی او ایجو کیشن میاں ذوالفقار علی نے حاضرین کو بھرتی کے عمل کی مکمل تفصیل بتائی اور کامیاب ایجو کیٹرز کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے صاف شفاف اور میرٹ پر بھرتیوں کی تکمیل پر پنجاب حکومت خصوصاًوزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور ڈی سی او قصور و چیئر مین ریکروٹمنٹ کمیٹی اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بھرتی ہونیوالے ایجو کیٹرز نے بھی وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف اور ضلعی انتظامیہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جنہوں نے میرٹ پر بھرتی اور سکولوں کے انتخاب میں شفافیت کو یقینی بنایا اوراپنا نہایت مثبت کردار ادا کیا ۔

ایم این اے ملک رشید احمد خاں نے نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر اساتذہ کو مبارکباد اور فرض شناسی سے کام کرنے کی ہدایت کی تا کہ ضلع کے سرکاری سکولوں کی حالت کو بدلا جا سکے ۔ بعدازاں ڈی سی او قصور اور ایم این ایز نے نئے بھرتی ہونیوالے ایجو کیٹرز میں تقرری کے لیٹرز تقسیم کئے ۔