شبیر احمد شاہ کا پشاور میں بارش، نیپال، بھارت اور بنگلہ دیش میں زلزلے سے ہونیوالے نقصان پر اظہار افسوس

پیر 27 اپریل 2015 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے پشاور پاکستان میں طوفانی بارش کے نتیجے میں ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے سانحہ کے متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں شبیر احمد شاہ نے کہا کہ ہم متاثرین کی اعانت و امداد کرنا چاہتے ہیں لیکن ایسا کرنے سے قاصر ہیں کیونکہ ہم آزاد نہیں اور ایک غلام قوم اپنی مجبوریوں کے سبب نیک خواہشات اور دعا ؤں کی سوغات ہی پیش کرسکتی ہے۔

(جاری ہے)

شبیر احمد شاہ نے ان حادثات میں جاں بحق ہو ئے افراد کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور لاپتہ افراد کی سلامتی کیلئے دعا کی۔ شبیر احمد شاہ نے نیپال، بنگلہ دیش اوربھارت کے کئی علاقوں میں زلزلے سے ہوئی تباہی اور جان ومال کے نقصان پربھی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انسان ہونے کے ناطے ہم ان حادثات میں متاثر ہوئے لوگوں کے دکھ و درد کومحسوس کرسکتے ہیں کیونکہ کشمیریوں نے اس طرح کے کربناک مراحل کا کئی بار سامنا کیا ہے۔انہوں نے زلزلے سے ہوئی تباہی اور جان و مال کے نقصان کو ایک انسانی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ان متاثرین کی مدد کریں لیکن بھارت کی جبری غلامی کی وجہ سے ہم متاثرین کی مدد نہیں کر سکتے ہیں۔