سندھ میں مسائل کے مستقل حل کیلئے نئے صوبے کاقیام ضروری ہے،الطاف حسین

پیر 27 اپریل 2015 22:14

سندھ میں مسائل کے مستقل حل کیلئے نئے صوبے کاقیام ضروری ہے،الطاف حسین

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27اپریل۔2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ سندھ کے شہری عوام کی جانب سے یہ متفقہ رائے سامنے آرہی ہے کہ اب سندھ میں مسائل کے مستقل حل کیلئے ایک نئے صوبے کاقیام ضروری ہے خواہ اس علیحدہ صوبے کا نام کراچی صوبہ ہو، شہری صوبہ ہو، سندھ ون سندھ 2 صوبہ ہویاکچھ اور ہی کیوں نہ ہو۔عوام کی رائے میں اب سندھ میں ایک اورصوبہ کاقیام مقدر بن چکا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج رابطہ کمیٹی پاکستان لندن ، دیگر شعبہ جات اور ونگز کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے کہاکہ شہری سندھ کے جن عوام کو سندھ کی حکومتیں گزشتہ67 سال سے نظرانداز کرتی چلی آئی ہیں اورمتعصبانہ سلوک کانشانہ بناتی چلی آئی ہیں، ا س متعصبانہ طرز عمل کودیکھتے ہوئے سندھ کے ہرشہری کی یہ آواز ہے کہ سندھ میں حق پرستوں کا علیحدہ صوبہ ہونا چاہیے اور یہ آواز شہری سندھ میں رہنے والے ہر فرد کے دل کی دھڑکن بن چکی ہے خواہ وہ اردوبولنے والے ہوں، حق پرست سندھی یابلوچ ہوں ، خواہ شہری سندھ میں مستقل طورپرآبادپنجابی، پختون، ہزارے وال ، سرائیکی، گلگتی بلتستانی یا کشمیری ہوں،یاکسی بھی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ہوں، علیحدہ صوبہ شہری سندھ کے ہرفردکے دل کی آوازہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے کہاکہ میں عوام سے کہتا ہوں کہ وہ علیحدہ صوبے کا بہتر سے بہتر نام تجویز کریں کیونکہ یہ ایم کیوایم کا نہیں بلکہ عوام کامطالبہ ہے لہٰذا عوام ہی نئے صوبے کا بہتر نام تجویز کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حق پرست عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندھ میں علیحدہ صوبے کی بنیادسندھ کے متعصب حکمرانوں نے اسی وقت رکھ دی تھی جب 1973ء میں سندھ میں سرکاری ملازمتوں اورداخلوں میں دیہی سندھ کیلئے 60 فیصد اور شہری سندھ کیلئے 40 فیصد کوٹہ رکھا گیا تھا۔

یہ کوٹہ 10سال کیلئے مقررکیاگیاتھا مگرہرفوجی اورنام نہاد جمہوری حکومتوں نے اسے بڑھابڑھاکر آج 2015ء تک جاری رکھاہواہے۔اس کوٹہ سسٹم کی چکی میں پسنے والے عوام اب یہ کہہ رہے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسی 60-40 کی بنیاد پر سندھ میں علیحدہ صوبہ قائم کیاجائے ۔ آج شہری سندھ کے عوام یہ کہہ رہے ہیں کہ ’’ جینے کامنصوبہ ہوگا…… 40فیصد والوں کاجب صوبہ ہوگا ‘‘۔

انہوں نے کہاکہ شہری سندھ کے عوام کااب یہ فیصلہ ہے کہ علیحدہ صوبے کے قیام کیلئے انہیں کتنی ہی جانی ومالی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے او رسب علیحدہ صوبے کی جدوجہدمیں شامل ہوں گے ۔ الطاف حسین نے عوام سے کہاکہ وہ سندھ میں علیحدہ صوبے کے قیام اور نئے صوبے کے نام کے حوالہ سے اپنی رائے ای میل ایڈریس [email protected] پر آگاہ کریں ۔

متعلقہ عنوان :