پیپلزپارٹی حکومت نے ریاستی تشخص کو پامال کرنے کیساتھ محکموں کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، شیخ سراج منیر

منگل 28 اپریل 2015 17:35

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28اپریل۔2015ء) مسلم لیگ ن کے رہنما شیخ سراج منیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے ریاستی تشخص کو پامال کرنے کیساتھ ساتھ محکموں کو بھی تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ ہیلتھ پیکیج کے نام پر مظفرآباد کیساتھ بھونڈا مذاق کیا گیا ہے ۔سی ایم ایچ مظفرآباد میں ایکسرے ڈیپارٹمنٹ ، سی ٹی سکین اور ایم آئی آر کی سہولیات بھی ناپید ہو چکی ہیں کہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترستے ہیں علاج کیلئے آزادکشمیر سے باہر جانے کے وسائل تک انکے پاس دستیاب نہیں نا مساعد حالات میں رہنے والے عوام ہزاروں روپے خرچ کر کے ایبٹ آباد اور اسلام آباد علاج کروانے جاتے ہیں دارالحکومت کے ہسپتالوں میں عوام کو خوار ہونا پڑتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بائیومیٹرک نظام کو مظفرآباد میں صرف سیکرٹریٹ کی حدتک فرضی طور پر شروع کیا تھا جواب غیر موثر ہے اگر موثر ہوتا تو ملازمین کی ہڑتالوں کا حساب کتاب لگایا جاتا۔

(جاری ہے)

وزیر صحت صرف اپنے حلقہ تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں انہیں دارالحکومت میں رہنے والے شہریوں کا کوئی احساس نہیں ہے بہت جلد پیپلزپارٹی کی حکومت کا بستر گول ہونے والا ہے ۔ مسلم لیگ ن عوامی حقوق کا تحفظ کرسکتی ہے۔ الیکشن میں عوام مسلم لیگ ن کو ہی ووٹ دے کر اسمبلی میں پہنچائیں گے اور ن لیگ کی حکومت بنتے ہی عوامی مسائل سے چھٹکارا ملنا شروع ہوجائیگا۔

متعلقہ عنوان :