لوہار گلی لینڈ سلائیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ متعلقہ حکام کیلئے لمحہ فکریہ ہے‘ کئی حادثات رونما ہونے کیساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانوں کا ضیائع متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور کی وفد سے بات چیت

جمعرات 30 اپریل 2015 17:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء)مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ لوہار گلی لینڈ سلائیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ متعلقہ حکام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ کئی حادثات رونما ہونے کیساتھ ساتھ قیمتی انسانی جانوں کا ضیائع متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن چکا ہے۔ ترقی یافتہ ممالک مسائل کے خاتمہ کیلئے بہترین حکمت عملی کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔

فرسودہ نظام کا خاتمہ کر کے جدیددور کی جدیدت سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ ڈاکٹر کو انجینئر اور انجینئر کو ڈاکٹر لگا کر ہم کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ ہماری کامیابی اُسی میں ہے کہ ہمیں سفارشی کلچر کا خاتمہ کر کے میرٹ کو پروان چڑھانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار چوہدری احسن منظور نے گزشتہ روز لوہار گلی کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس بہترین حکمت عملی ہوتی تو لوہار گلی جیسے سلائیڈ زدہ علاقوں میں سڑکوں کے بجائے ٹنلز تعمیر کی جاتیں یا پھر متبادل بندوبست ہوتا۔ کامسر تا چھل پانی سڑک پر سلائیڈ زدہ علاقوں میں بھی حادثات رونما نہ ہوتے۔ کوہالہ سڑک خستہ حال اور دارالحکومت کو خیبرپختونخواہ سے ملانے والی سڑک کھنڈرات میں تبدیل نہ ہوتی۔ انہو ں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کے اندر قبرستان تک میسر نہیں ‘ ہم کب تک عوام کو بیوقوف بناتے رہیں گے۔ ہمیں اپنا احتساب کرنا ہوگا۔ ہمیں چاہیے کہ بہترین قیادت کا انتخاب کر کے اپنے آپ کو مصائب سے چھٹکار ا دلائیں۔ مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے ۔ انشاء اﷲ اقتدار میں آتے ہی عوامی مسائل حل ہونگے۔