ضلع میں زرعی انکم ٹیکس کے بڑے نادہندگان کی گرفتاری کیلئے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں ڈی سی او بھکر

جمعرات 30 اپریل 2015 21:09

بھکر ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء )ڈی سی او محمدزمان وٹو نے کہا ہے کہ ضلع میں زرعی انکم ٹیکس کے بڑے نادہندگان کی گرفتاری کیلئے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور گرفتار یوں کا یہ عمل ہر قانون گوئی سے زرعی انکم ٹیکس کے ٹاپ ٹین(10) نادہندگان کی فہرستوں کے مطابق مکمل کیا جائے گاتاکہ مذکورہ سرکاری ریونیو کا کوئی نادہند ہ قانون کے شکنجہ سے بچنے نہ پائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرزکو زرعی انکم ٹیکس کے بڑے نادہندگان کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کے بارے میں گائیڈلائن جاری کی گئی ہے اور تمام بڑے نادہندگان کی گرفتاریاں بلاتاخیر مکمل کی جائیں گی ۔ڈی سی او نے واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کے اثرورسوخ کو ہرگز خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔علاوہ ازیں سرکاری ریونیو کی دیگر مدات کے نادہندگان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کا عمل بلاامتیاز جاری رکھا جائے گاتاکہ سرکاری ریونیو کی عدم ادائیگی کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی بھرپور حوصلہ شکنی یقینی بنائی جاسکے۔