ریلوے کو سیاست سے پاک کر دیا ہے اب ریلوے میں تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر ہوتے ہیں‘خواجہ سعد رفیق

تین پرائیویٹ ارکان کی شمولیت کے ساتھ پاکستان ریلوے بورڈ اڑھائی سال بعد دوبارہ فعال ہوگیا ‘اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 اپریل 2015 22:57

ریلوے کو سیاست سے پاک کر دیا ہے اب ریلوے میں تقرریاں اور تبادلے میرٹ ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30اپریل۔2015ء ) تین پرائیویٹ ارکان کی شمولیت کے ساتھ پاکستان ریلوے بورڈ اڑھائی سال بعد دوبارہ فعال ہوگیا ہے۔ ان پرائیویٹ ارکان میں اشتراوصاف، محمد اشفاق خٹک اور ڈاکٹر زاہد سلیم شامل ہیں۔ نو تشکیل شدہ بورڈ کے پہلے اجلاس سے وزارتِ ریلوے میں خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم نے ریلوے کو سیاست سے پاک کر دیا ہے اب ریلوے میں تقرریاں اور تبادلے میرٹ پر ہوتے ہیں۔

انہوں نے 3پرائیوٹ ارکان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اب ریلوے بورڈ پالیسیوں کو جلد از جلد اور مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنائے گا۔ وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ہم ریلوے میں پی ایس ڈی پی کے تحت ہونے والے اخراجات کی نگرانی کر رہے ہیں اور یہ فنڈ 80فیصد پرانے منصوبوں کی تکمیل پر خرچ ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

مسافروں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ مال برداری گاڑیوں کی تعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم ریلوے کی تعمیر نو کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی غور کر رہے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور نے ریلوے کے آرگنائزیشنل سٹرکچر ، ریلوے نیٹ ورک اور ورکنگ پر ممبران کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں سیکریٹری وزارت ریلوے(چیئرپرسن، پاکستان ریلویز) مسزپروین آغا، سیکریٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود خان، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے محمد جاوید انور، ایڈیشنل سیکریٹری کمیونیکیشن اورنگزیب خان، ایڈیشنل سیکریٹری پلاننگ رضوان بشیر، جنرل منیجر ایم اینڈ ایس اسد احسان، ممبر فنانس غلام مصطفی ، ممبران ریلوے بورڈ(پرائیویٹ) اشراوصاف ، محمد اشفاق خٹک ، ڈاکٹر زاہد سلیم اور سیکریٹری ریلوے بورڈ ہمایوں رشید نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :