پیف نے نیو سکول پروگرام میں توسیع کا چھٹا مرحلہ لانچ کر دیا

ہفتہ 2 مئی 2015 14:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے تعلیمی پسماندگی کا شکار علاقوں کے بے وسیلہ بچوں کی میٹرک تک مفت لتعلیم کے منصوبے نیو سکول پروگرام میں توسیع کے چھٹے مرحلے کے تحت 16 منتخب اضلاع میں تعلیم عام کرنے کے لئے 6 غیر سرکاری تنظیموں سے معاہدہ شراکت کیا ہے۔اس معاہدہ شراکت کے تحت یہ این جی اوز ان اضلاع میں 182 پارٹنرز سکول کھولیں گی۔

جہاں پرداخل طالب علموں کے ماہانہ واجبات اور نصابی کتب پیف مہیا کرے گی جبکہ ان سکولوں کے اساتذہ کی کیپسٹی بلڈنگ بھی کی جائے گی تاکہ طالب علموں کو معیاری تعلیم ملے۔یہ بات ایم ڈی پیف ڈاکٹر انیلہ سلمان نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔اجلاس میں ڈائریکٹر (نیو سکول پروگرام)ملیحہ بتول سمیت مختلف افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیو سکول پروگرام کے تحت وسیلہ بچوں کی مفت تعلیم کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ایم ڈی پیف نے بتایا کہ نیو سکول پروگرام کی انفرادی کیٹگری کے تحت 13 منتخب اضلاع میں تعلیمی پسماندگی ختم کرنے کے لئے43 مزید سکول بھی کھولے جائیں گے۔انہوں نے نیو سکول پروگرام میں توسیع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس توسیع سے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کواپنے گھروں کے نزدیک کوالٹی ایجوکیشن کی مفت سہولت میسر آئے گی جس سے سماجی ترقی کا عمل تیز ہو گا۔انہوں نے اس امرپر اطمینان کا اظہار کیا کہ پیف فروغ تعلیم میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔