شہریوں کو فی الفور قبرستان جیسے مسئلہ سے نجات دلوائی جائے۔ سڑکیں کھنڈرات‘ سیوریج کی نکاسی کا کوئی معقول بندوبست نہیں‘ گلشن نالہ کی صفائی و ستھرائی سمیت بہت سے اہم مسائل ہیں

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور کی صحافیوں سے بات چیت

ہفتہ 2 مئی 2015 18:57

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء ) مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری چوہدری احسن منظور نے کہا ہے کہ شہریوں کو فی الفور قبرستان جیسے مسئلہ سے نجات دلوائی جائے۔ سڑکیں کھنڈرات‘ سیوریج کی نکاسی کا کوئی معقول بندوبست نہیں‘ گلشن نالہ کی صفائی و ستھرائی سمیت بہت سے اہم مسائل ہیں جن کی طرف متعلقہ اداروں کو توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری احسن منظور کا کہنا تھا کہ آبی اورفضائی آلودگی سے چھٹکارا کیلئے محکمہ ماحولیات اپنا کردار ادا کرے۔ مین شاہراہ پر ٹریفک جام رہتی ہے ‘ پیدل چلنا بھی انتہائی مشکل ہے‘ مین شاہراہ پر ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے بائی روڈ پر ٹریفک بحال کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ شدید گرمیوں میں آبی اور فضائی آلودگی سے طرح طرح کی بیماریاں شروع ہونگی‘ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر مختلف بیماریاں پھیلانے کا سبب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی کے نظام کو بحال کرنے کیساتھ ساتھ دارالحکومت کے واحد پارک جلال آباد میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے کام کیساتھ انصاف کرنا ہوگا تب ہی معاشرے ترقی کرسکتے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ محکمہ جات میں اصلاحات لا کر شہریوں کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلوائے۔