وارن کینال منصوبے کی تکمیل سے ضلع ٹانک میں زرعی انقلاب برپا ہو جائیگا،ذاکر حسین آفریدی

منصوبے کی مین کینال کی لمبائی 36کلو میٹر ہو گی،130کلو میٹرطویل ڈسٹریز اور مائنرز کا جال بچھا یا جائیگا،کمشنرڈیرہ اسماعیل خان

ہفتہ 2 مئی 2015 21:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ذاکر حسین آفریدی نے کہا ہے کہ وارن کینال منصوبے کی تکمیل سے ضلع ٹانک میں زرعی انقلاب برپا ہو جائیگا،جس سے علاقے کے غریب زمینداروں کی اقتصادی اور سماجی زندگی میں مثبت تبدیلیاں رونما ہونگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز وارنڑہ (ٹانک ) کے مقام پر آبپاشی کے عظیم منصوبے وارن کینال کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر گومل زام پراجیکٹ کے ایم ڈی سجاد احمد، ڈی پی او کفایت اﷲ وزیر، سیکرٹری ٹو کمشنر منصور قیصر کے علاوہ علاقے کے زمیندار اور معززین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ اپنے خطاب کے دوران کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ یہ منصوبہ بھی کثیر المقاصد گومل زام ڈیم کا ایک حصہ ہے جسے USAIDکے تعاون سے ایک ارب 90کروڑ روپے کی کثیر رقم کی لاگت سے ایک سال کی مدت میں مکمل کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ تکمیل کے بعد اس منصوبے سے 63ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہو گی جس سے نہ صرف ضلع ٹانک بلکہ پوری ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہو ں گے اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کی مین کینال کی لمبائی 36کلو میٹر ہو گی جبکہ 130کلو میٹرطویل ڈسٹریز اور مائنرز کا جال بچھا یا جائیگا۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان نے بتایا اس منصوبے کو 2010میں مکمل ہونا تھا مگر علاقے میں امن و امان کی صورتحال اور کچھ فنی وجوہات کی بنا پر اس پر بروقت کام شروع نہ ہو سکامگر اب جب اس پر کام شروع ہو گیا ہے تو اسے نہ صرف بروقت بلکہ مقررہ معیاد سے قبل مکمل کرنے کی کوشش کی جائیگی تاکہ صدیوں سے تشنہ زمین کو وسائل آبپاشی مہیا کر کے لوگوں کی مشکلات اور دکھوں کا مداوا کیا جا سکے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پانی کی تقسیم مروجہ قوانین اور روایات کے مطابق کی جائیگی اور کسی سے بھی زیادتی نہیں ہو گی۔ تقریب کے اختتام پر علاقے کی عوام نے کمشنر ڈیرہ اور گومل زام ڈیم پراجیکٹ کے حکام کا اس منصوبے میں ذاتی دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا۔