پانی کی عدم فراہمی پر حکومتی کارکردگی اور عدم توجہی قابل مذمت ہے ،حافظ نعیم الرحمن

پانی کا بحران ختم نہ کیا گیا تو شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے،امیر جماعت اسلامی کراچی

ہفتہ 2 مئی 2015 22:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے شہر میں متعدد علاقوں میں پانی کی شدید قلت اور بحران پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں کی ناقص کارکردگی اور عدم توجہی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت اور واٹر بورڈ پانی کی فراہمی کے سلسلے میں عوام کو ریلیف دینے اور ان کی مشکلات و پریشانیوں کو دور کرنے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو چکے ہیں ۔

انہوں نہ کہا کہ نارتھ کراچی ،گلستان جوہر،گلشن اقبال ،لانڈھی ،کورنگی اور اورنگی ٹاؤن سمیت شہر کی بڑی آبادی میں پانی کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے ۔سخت گرمی اور بے جا حبس کے موسم میں پانی کی عدم فراہمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا کر رکھ دی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام پانی جیسی بنیا دی ضرورت زندگی کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں اور عوام کے اندر شدید بے چینی اور اضطراب پایا جاتا ہے۔

عوام شہر میں جگہ جگہ مظاہروں اور احتجاج پر مجبور ہو گئے ہیں اور اگر حکومت اور متعلقہ اداروں اور ذمہ داروں نے حالات کا نوٹس نہ لیا اور شہر میں پانی کا بحران ختم نہ کیا تو شہر میں امن وامان کی صورتحال بھی خراب ہوسکتی ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ شہر میں پانی کے نہ ہونے کی وجہ سے سخت گرمی میں جہاں گھروں میں خواتین ،بچے اور بزرگ شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں وہیں انٹر کے امتحانات میں شریک ہو نے والے طلباء وطالبات کو بھی امتحانات کی تیاریاں کرنے میں شدیددشواری کا سامنا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پورے شہر میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے اور عوام کی مشکلات وپریشانیوں کو دور کرے ۔