جنوبی ایشیاء میں دائمی امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے،محمد طاہر کھوکھر

منگل 5 مئی 2015 16:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء میں دائمی امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے۔ کشمیری قوم نے سرینگر میں پاکستانی پرچم لہرا کرپاکستان سے اپنی محبت کا ثبوت دیا ایک جانب پوری مودی سرکار لاٹھی اور گولی اور دوسری جانب نہتے کشمیریوں نے اپنے حق آزادی کے لیئے اپنی جان پر کھیل کر پاکستان زندہ باد کے نعرہ لگایا ،کشمیریوں نے کبھی بھی بھارتی تسلط کو تسلیم نہیں کیا۔

دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویدار بھارت جمہوریت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ بھارتی قیادت نے ہمیشہ جمہوری اصولوں کو اپنے پاؤں تلے روندا ۔ بھارتی قیادت خود مسئلہ کشمیر لے کر اقوام متحدہ گئی اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر آج تک عمل نہیں کیا۔

(جاری ہے)

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی بلا جواز گرفتاری اور ان کو نظر بند کرنے سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔

طاہر کھوکھر نے کہا کہ حق خودارادیت کے حصول کے لیے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں کے باعث آج مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں فلیش پوائنٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 8 لاکھ فوج اتارنے کے باوجود عوام کو اپنے حقوق کے لیے پرامن جدوجہد سے نہیں روک سکا۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔

ہزاروں نوجوانوں کو شہید کیا گیا، ہزاروں نوجوان تشدد سے معذور ہو چکے ہیں، ہزاروں لاپتہ ہیں۔ اس قدر ظلم اور بربریت کے باوجود کشمیری عوام نے بھارتی غاصبانہ تسلط تسلیم کرنے سے انکار کر کے دنیا کو بتادیا ہے کہ اسے کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ اقوام متحدہ، امریکہ ، او آئی سی ، یوری پارلیمنٹ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر خاموشی افسوسناک ہے۔

عالمی برادری فوری اپنا کردار ادا کرے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارتی قیادت اور فوجی افسروں کے خلاف جنگی جرائم کے مقدمات قائم کیے جائیں۔ بھارت کا معاشی بائیکاٹ کیا جائے تا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ آزادکشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھے ۔ اس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری پاکستانی و کشمیری قوم و قیادت کشمیری عوام کی پرامن تحریک خود ارادیت پر متفقہ موٴقف رکھتی ہے جو خوش آئند ہے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری عوام اپنی امنگوں کے مطابق اپنی قسمت کا فیصلہ خود کریں گے۔