کشمیری پنڈتوں کیلئے مخصوص بستیوں کاقیام تعصب پھیلانے کا باعث بنیں گی، جمعیت اہلحدیث

منگل 5 مئی 2015 16:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جمعیت اہلحدیث نے کہا ہے کہ وادی میں کشمیری پنڈتوں کیلئے مخصوص بستیوں کاقیام نفرتیں اور تعصب پھیلانے کا باعث بنیں گی۔

(جاری ہے)

بڈگام کے علاقے بیروہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث کے صدر غلام محمد بٹ نے کہاکہ کشمیر صدیوں سے امن و سکون ، آپسی بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کا گہوارہ رہا ہے اور یہاں سے برصغیر کو امید کی کرن دکھائی دیتی تھی لیکن آج اس خطے کو سیاسی جنگ وجدل ، اقتصادی پسماندگی اورحقوق انسانی کی پامالیوں میں گرفتار کرکے دلدل میں پھنسادیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ مقبوضہ علاقے میں ایسی پالیسیاں اپنارہی ہیں جس سے ظلم و بربریت میں اضافہ اور کشمیریوں کے حقوق کا استحصال ہورہا ہے جبکہ انتظامیہ اقربا پروری اور غیر قانونی ہتھکنڈے اس پالیسی کو مزید تقویت پہنچارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پنڈتوں کیلئے الگ کالونیوں کا قیام کشمیر کے تشخص پر کاری ضرب ہے۔کانفرنس سے پارٹی رہنماؤں مشتاق احمد ویری ،عبد المنان دیوا ، مبشر احسن وانی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :