نوجوان تیاری کریں معرکہ نزدیک ہے ،اس سال پورے ملک میں انتخابات ہو سکتے ہیں‘ عبدالعلیم خان

خواتین تحریک انصاف کا ہرآول دستہ ہیں ، ملک گیر تبدیلی کو کوئی روک نہیں سکتا‘آئی ٹی ایف کے وفد سے گفتگو

منگل 5 مئی 2015 20:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) تحریک انصاف لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کے ٹائیگرز اور ٹائیگرسز تیاری کریں دوبارہ معرکہ نزدیک ہے اور این اے 125کے بعد این اے 122میں فیصلہ پی ٹی آئی کے حق میں آئے گا نواز لیگ کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ چکے ہیں اس سال صرف دو چار حلقوں میں نہیں ملک بھر میں الیکش ہو سکتے ہیں اور عمران خان کی تبدیلی کا خواب عملی طور پر شرمندہ تعبیر ہونے جا رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح حکومت خواتین کے نام پر بھی انکا بدترین استحصال کررہی ہیں اور سرکاری محکموں میں نوکریوں سے لیکر انصاف اور حقوق کی فراہمی تک عورتوں کو نظر انداز کیا جارہاہے ،پی ٹی آئی عمران خان کے نئے پاکستان میں معاشرے کے ہر طبقے کو بلا امتیاز حقوق فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

عمران ٹائیگرس فورس کی صدر ثانیہ کامران کی قیادت میں خواتین کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ خواتین نے تحریک انصاف کے ہراول دستے کا قردار ادا کیا ہے اور لانگ مارچ اور دھرنو ں میں ان بہنوں اور بیٹیوں کی کارکردگی لائق تحسین رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام تر پراپیگنڈے کے باوجود ملک گیر تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا عمران خان نے ہر شہری کو نئی سیاسی سوچ دی ہے اور ہماری خواتین کی اس تحریک میں بڑے پیمانے پر شرکت حوصلہ افزا امر ہے انہوں نے پی ٹی آئی لاہور آفس کی طرف سے عمران ٹائیگراور ٹائیگرس فورس کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایااس موقع پر آئی ٹی ایف کی صدر ثانیہ کامران نے اجلاس کو بریفنگ دی ۔

فرحت رصال ،صائمہ خواجہ ،سحر عثمانی ،مہرو رانجھا ،انعم رانجھا ،رضوانہ اور شائستہ بھی اس موقع پر موجود تھیں ۔آئی ٹی ایف کے شُرکا نے ضلعی صدر عبدالعلیم خان کو این اے 125کے فیصلے پر مبارکباد دی اور میٹھائی تقسیم کی ۔