Live Updates

حلقہ این اے 125 میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ کو پی ٹی آئی کے اصولی موقف کی فتح ہے، 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عوام کا مینڈیٹ چرانے والوں کا یوم حساب قریب آ گیا ہے

پاکستان تحریک انصاف ڈریم ٹیم کے رہنماؤں کا بیان

منگل 5 مئی 2015 22:11

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف ڈریم ٹیم نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے حلقہ این اے 125 میں دوبارہ الیکشن کرانے کے فیصلے کو پی ٹی آئی کے اصولی موقف کی فتح قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ 2013ء کے انتخابات میں دھاندلی کے ذریعے عوام کا مینڈیٹ چرانے والوں کا یوم حساب قریب آ گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ڈریم ٹیم کے علی نواز اعوان ، رکن قومی اسمبلی نفیسہ عنایت خٹک ، جمیل عباسی ، این اے 48 کے صدر نعیم خان ، این اے 49 کے صدر غلام نبی اور جنرل سیکرٹری فرید رحمن سمیت دیگر رہنماؤں نے منگل کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے خواجہ سعد رفیق کے حلقہ میں دوبارہ الیکشن کرانے کے فیصلے پر جشن منایا اور کارکنوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔

اس موقع پر علی نواز اعوان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹریبونل کا فیصلہ تحریک انصاف کے اصولی موقف کی فتح ہے ، خواجہ سعد رفیق کے خلاف فیصلے سے مسلم لیگ ن بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور عوام کے سامنے اپنی صفائیاں پیش کر رہی ہے مگر پاکستان بھر کے عوام اب باشعور ہو چکے ہیں اور وہ اب کسی کے جھانسے میں نہیں آ سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کے فیصلے سے خواجہ سعد رفیق کا تکبر خاک میں مل گیا ہے ، اْن کے دل میں چور تھا اس لئے وہ دھاندلی چھپانے کے لئے سب سے زیادہ شور مچا رہے تھے۔

عمران خان کو سیاست سکھانے کی باتیں کرنیوالے خواجہ سعد رفیق کے عوامی مینڈیٹ کا پول کھل چکا ہے اور ان کی اپنی سیاست زمیں بوس ہو گئی ہے ، وہ خدا سے ڈریں اور مینڈیٹ چوری کرنے پر قوم سے کھلے عام معافی مانگیں۔ اس موقع پر دیگر رہنما?ں نے بھی خطاب کیا اور این اے 125 میں ٹریبونل کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے حق سچ کی فتح قرار دیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات