یہ بات پسند نہیں میری وجہ سے کسی کو تکلیف پہنچے آمدروفت کے دوران روٹ نہ لگایا جائے ،وزیر اعلیٰ کا اسمبلی اجلاس کے دوران پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال

منگل 5 مئی 2015 22:55

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 مئی۔2015ء) وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ انہوں نے سختی سے ہدایت کررکھی ہے کہ ان کی آمدورفت کے موقع پر سڑکوں پر روٹ نہ لگایا جائے تاکہ عام آدمی ، طلباء اور مریضوں کو روٹ کی وجہ سے دقت نہ ہو۔ یہ بات انہوں نے اسمبلی اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی آمنہ خانم کی جانب سے وزیراعظم کی کوئٹہ آمد کے موقع پر لگائے جانے والے روٹ کی وجہ سے لوگوں کی دقت اور پریشانی کے حوالے سے اٹھائے گئے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مجھے یہ بات پسند نہیں کہ میری وجہ سے کسی کو تکلیف پہنچے لہذا انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ان کی امدروفت کے دوران روٹ نہ لگایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر باہر سے آنے والے وی وی آئی پی کیلئے روٹ لگایا جاتا ہے تو یہ ایک سیکورٹی مجبوری ہے تاہم سیکورٹی اداروں سے کہاگیا ہے کہ اس روٹ کا دورانیہ بھی صرف ضرورت کے مطابق محدود رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم توکبھی کبھار ہی کوئٹہ آتے ہیں جبکہ گورنر کی آمدروفت بھی کم ہوتی ہے زیادہ آمدوروفت ان کی اپنی ہوتی ہے اس وجہ سے ان کی کوشش اور ہدایت ہے کہ ان کی آمدوروفت کے دوران روٹ نہ لگایا جائے۔

متعلقہ عنوان :