باغ میں پولیس کے ریاستی تشدد ‘ میرٹ کی پامالی ‘ کرپشن کو بے نقاب کرنے ‘ جنگلات کی سمگلنگ روکنے ‘ خالصہ جات کی وزراء کی طرف سے الاٹمنٹ اور عبدالحی فدا روڈ کیلئے کشمیر کونسل سے 55کروڑ کی غیر قانونی منتقلی اور ضلع باغ کے بیروز گار نوجوانوں کے حقوق کیلئے 18مئی کو اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا دینگے

جمعرات 7 مئی 2015 17:01

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء ) باغ میں پولیس کی طرف سے ریاستی تشدد ‘ میرٹ کی پامالی ‘ کرپشن کو بے نقاب کرنے ‘ جنگلات کی سمگلنگ روکنے ‘ خالصہ جات کی وزراء کی طرف سے الاٹمنٹ اور عبدالحی فدا روڈ کے لیے کشمیر کونسل سے 55کروڑ کی غیر قانونی منتقلی اور ضلع باغ کے بیروز گار نوجوانوں کے حقوق کے لیے 18مئی کو اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور آل پارٹیز عوامی ایکشن فورم کے چیئرمین نثار احمد شائق نے جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے راہنما راجہ عبدالمتین ‘ راجہ وقار خان ‘ راجہ فہیم اکرم اور راجہ کامران حنیف کی طرف سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کیا۔استقبالیہ سے پی ٹی آئی آزاد کشمیرکے رہنما عارف طاہر ایڈووکیٹ‘ راجہ بشیر عثمانی ‘ عبدالباسط ‘ جماعت اسلامی NA-49کے امیر راجہ الطاف کشمیری نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

استقبالیہ تقریب سے مقررین نے نثار شائق کو عوامی حقوق کی جنگ لڑنے اور جرات اور بہادری سے حکمرانوں کی طرف سے کرپشن ‘ لوٹ مار اور میرٹ کی پامالی کے خلاف اعلان جہاد پر زبردست خراج تحسین پیش کیا اور راولپنڈی اسلام آباد میں مقیم کشمیری نوجو انوں کی طرف سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر 18مئی کے احتجاجی دھرنے میں شرکت کے لیے یونین کونسل تھب اور وسطی باغ کے نوجوانوں کی مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور 18مئی کو 3بجے اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے دھرنے کو کامیاب کرنے کے لیے رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ۔

استقبالیہ تقریب سے نثار احمد شائق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ” عبدالحی فدا روڈ “ کی عدم تعمیر کے خلاف 18اپریل کو تمام سیاسی جماعتوں کے ہمراہ پر امن مظاہرے کا اہتمام کیا تھا جس پر ڈی ایس پی ریاض مغل نے دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ علمائے کرام اور دیگر مظاہرین پر بد ترین ریاستی تشدد کیا۔18اپریل سے اس وقت تک باغ میں پریس کلب کے سامنے دو دفعہ دھرنا دے چکے ہیں ۔

تحریری طو رپر آئی جی آزا دکشمیر اور حکومتی کمیشن کو پولیس گردی سے آگاہ کیا ہے لیکن ہمارے خلاف جھوٹی بے بنیاد ایف آئی آر درج کی ہیں۔ جبکہ ہماری پولیس کے خلاف دی گئی آیف آئی ار کو خارج کردیا گیاہے ۔ ہم نے جسٹس آف پیس میں ایف آئی آر درج کروانے کے لیے درخواست دے رکھی ہے۔ ہم اپنے مطالبات کے حل کے لیے اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف18مئی کو اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیں گے ۔ انہوں نے دھرنے میں تمام نوجوانوں سے شرکت کی اپیل کی ۔