لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سٹی برانچ میں 8بستروں پر مشتمل ایک آئی سی یو یونٹ کا افتتاح

جمعرات 7 مئی 2015 23:14

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 مئی۔2015ء) لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سٹی برانچ کے نیوروسرجری وارڈ میں آپریشن تھیڑ کو اپ گریڈ کرکے 8بستروں پر مشتمل ایک آئی سی یو یونٹ بنایا گیا جس کا افتتاح لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر نوشاد شیخ نے کیا۔ لمس کے وائس چانسلر پروفیسر نوشاد شیخ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ اب تک ہسپتال کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، البتہ نیورو سرجری وارڈ میں آپریشن تھیڑ کی اپ گریڈیشن اور آئی سی یو کے قیام سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اندرون سندھ اور بلوچستان تک کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا، ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل اس یونٹ میں وہ سہولیات موجود نہیں تھی جو ہونی چاہئے تھی جس کی وجہ سے زیادہ تر مریضوں کو ہنگامی طورپر کراچی کے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑتا تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ حیدرآباد میں مکمل طورپر ایک نیوروسرجری یونٹ بنائیں تاکہ مریضوں کو بہتر سے بہتر سہولیات دی جاسکے۔ بدقسمتی سے حیدرآباد کے تعلقہ ہسپتال ، رورل اور اربن ہیلتھ سینٹر صحیح طریقے سے اپنا کام نہیں کررہے جس کی وجہ سے مریضوں کا دباؤ سول ہسپتال پر پڑتا ہے ، یہاں گنجائش سے زائد مریض علاج کیلئے آتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے دماغ کی رسولی نکالنے کیلئے گامانائف جدید مشین کیلئے حکومت سے سفارش کی ہے ، کراچی میں اس مشین کے ذریعے بغیر آپریشن کے دماغ کی رسولی نکالی جاتی ہے جس پر 8سے 10لاکھ روپے خرچ آتا ہے اگر یہ مشین یہاں لگادی گئی تو اس سے غریب مریضوں کو بہت فائدہ ہوگا