واپڈا ہائیڈل پاور سٹیشنوں سے 110.190ملین یونٹس بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کردی گئی

پن بجلی کی پیداوار میں گزشتہ سال کی نسبت 46 ملین یونٹس کا اضافہ پانی کے زیادہ اخراج کی بدولت ہوا ہے

جمعہ 8 مئی 2015 20:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء ) واپڈا کے زیرانتظام تین ہائیڈل پاور سٹیشنوں سے نیشنل گرڈ میں 110.190 ملین یونٹ بجلی شامل ہوئی جبکہ گذشتہ سال آج ہی کے دن 64.037ملین یونٹ بجلی پیدا ہوئی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 46.153 ملین یونٹس زیادہ ہے۔ پن بجلی کی پیداوار میں یہ اضافہ ارسا کے ذریعے سے ڈیموں سے پانی کے زیادہ اخراج کی بدولت ہوا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے گزشتہ سال 17.882 ملین یونٹ کے مقابلے میں آج کے دن 43.809ملین یونٹس بجلی پیدا ہوئی۔ غازی بروتھا ہائیڈل پاور سٹیشن نے 14.455 ملین یونٹس کے مقابلے میں 25.740 ملین یونٹس بجلی پیدا کی جبکہ منگلا ہائیڈل پاور سٹیشن سے گزشتہ سال پیدا ہونے والی 15.760 ملین یونٹس کے مقابلے میں 24 ملین یونٹس بجلی پیدا ہوئی۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ڈیموں کی تعمیر کا بنیادی مقصدصوبوں کی ضروریات کے مطابق زرعی مقاصد کیلئے پانی کی فراہمی ہے جبکہ پن بجلی کی پیداوار ان کا ثانوی مقصد ہے۔ ہائیڈل پاور سٹیشنوں سے بجلی کی پیداوار ارسا کے انڈنٹ کے مرہون منت ہے۔ بجلی کی یہ اضافی پیداوار پانی کے زیادہ اخراج کی بدولت ممکن ہوئی ہے ۔ واپڈا ہائیڈل پاور سٹیشنوں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباً 7 ہزار میگاواٹ ہے جو ملک میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا تقریباً ایک تہائی ہے۔

یہ امر باعث اطمینان ہے کہ واپڈا کے بعض پن بجلی گھر 50 سال سے زائد پرانے ہونے کے باوجود بہتر دیکھ بھال اور موثر آپریشن کی وجہ سے ابھی بھی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرسکتے ہیں۔ واپڈا ہر سال قومی نظام کو اوسطاً 30 ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرتا ہے۔ پن بجلی کی یہ مقدار بجلی کے نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں کتنا اہم کردار ادا کرتی ہے ، اس بات سے عیاں ہے کہ جنوری 2015 ء کے اعداد و شمار کے مطابق پن بجلی کی فی یونٹ پیداواری لاگت 2 رو پے62پیسے ہے جبکہ گیس سے بجلی کا ایک یونٹ پیدا کرنے پر 7 روپے43 پیسے،کوئلے سے 12روپے91 پیسے ، گنے کے پھوک سے 12 روپے98 پیسے، فرنس آئل سے 17روپے58 پیسے ، ہائی سلفر ڈیزل سے 23روپے 43 پیسے، نیو کلیئر سے 5 روپے98 پیسے اور ہوا سے 11روپے 62 پیسے لاگت آتی ہے، اعداد و شمار کے مطابق بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 10 روپے 03پیسے ہے۔

متعلقہ عنوان :