دین اسلام امن و آتشی کا دین ہے جو لوگ اسلام کا نام لے کر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، مفتی رفیع عثمانی

جمعہ 8 مئی 2015 22:44

دین اسلام امن و آتشی کا دین ہے جو لوگ اسلام کا نام لے کر دہشت گردی کر ..

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء)معروف عالم دین مفتی محمد رفیع عثمانی نے کہا ہے کہ دین اسلام امن و آتشی کا دین ہے جو لوگ اسلام کا نام لے کر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں وہ اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں۔وہ مدرسہ دارالعلوم مظاہر العلوم لطیف آباد یونٹ نمبر 9میں ختم بخاری شریف و دستار بندی اور سالانہ تقسیم اسنادکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، تقریب میں دارالعلوم کراچی کے شیخ الحدیث مولانا زیبراشرف عثمانی،ختم نبوت کے مولانا قاضی احسان احمد،مولانامفتی محمد اصغر سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

حیدرآباد کے 3مدارس دینیہ میں مجموعی طور پر 63علماء کرام فارغ التحصیل، 5طالبات بھی عالمہ کا کورس مکمل کرنے والوں میں شامل ہیں،75طالب علموں نے حفظ قرآن مکمل کر لیا۔

(جاری ہے)

دارالعلوم کراچی کے مفتی محمد رفیع عثمانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس میں امن و آتشی ،پیار و محبت اور اخلاقیات کا درس دیا جاتا ہے دین اسلام امن و آتشی کا دین ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں جو لوگ اسلام کا نام لے کر دہشت گردی کر رہے ہیں ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں وہ دین اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ عالم اسلام میں جہاں جہاں حقیقی جہا د جار ی ہے ہم اس کی کامیابی کے لئے دعاء گو ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چلتے پھرتے ذکر اﷲ کرتے رہنا چاہیے مدارس دینیہ میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ اعلی میعار کی عصری تعلیم کی فراہمی کا سلسلہ بھی شروع کیا جانا چاہیے۔

دارالعلوم مظاہرالعلوم میں10علماء نے عالم کا کورس مکمل کیا 37طالب علموں نے حفظ قرآن مکمل کیا فارغ ہونے والے طالب علموں کی دستار بندی اور اسناد تقسیم کی گئیں۔حیدرآباد کے دوسرے بڑے اور قدیمی دینی ادارے جامع مفتاح العلوم سائٹ ایریا میں بخاری شریف کی سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب سے شیخ الحدیث مولانا منظور احمد عثمانی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور فارغ ہونے والے طالب علموں کو بخاری شریف کی آخری حدیث کا درس دیا،انہو ں نے کہا کہ علماء کرام کی نصب محمدﷺسے ملتی ہے علما ء کرام حدیث سے محبت کریں گے تو انکو محمدﷺ کی محبت بھی نصیب ہو جائے گی علما ء کرام دین اسلام کی توریج کے لئے محنت کریں اورصبر و شکر کو لازم پکڑیں اس سے اﷲ کئی مسائل حل کر دے گا، تقریب میں شیخ الحدیث مولانا جان محمد ،مفتی حبیب اﷲ،مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں،ختم نبوت کے مولانا عبدالسلام،قاضی احسان احمد،مولانا عبدلمجید لوند سمیت دیگر علماء کرام نے بھی شرکت کی۔

جامع مفتاح العلوم سے53علما ء کرام نے حدیث کی تعلیم مکمل کی اور 36طالب علموں نے حفظ قرآن مکمل کیاآخر میں فارغ ہونے والے طالب علموں کی دستار بندی اور اسناد تقسیم کی گئیں۔مدرسہ زم زم للبنین والبنات بدین بس اسٹاپ میں بخاری شریف کی سالانہ پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شیخ الحدیث مولانا جان محمد نے فارغ التحصیل ہونے والی طالبات کو بخاری شریف کی آخر ی حدیث کادرس دیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دینی مدارس امن و سلامتی کا درس دے رہے ہیں انکا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے مدارس میں نبیﷺکی وراثت کی تعلیم دی جاتی ہے، تقریب میں مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں،قاضی احسان احمد،مولانا تاج محمد ناہیوں،مولانا ضیاء الرحمن طاہر،ہمایوں خان مندو خیل،حافظ خالد حسن دھامراہ سمیت دیگر علماء کرام بھی شریک تھے مدرسے میں 5طالبات نے عالمہ کو کورس مکمل کیا جبکہ ایک طالبہ نے حفظ قرآن مکمل کیا۔