` ویگن سروس کومزید بہتراوراس کا دائرہ وسیع کیاجائے،فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی

شہریوں کو اندرون شہر،تحصیلوں وقصبوں تک سفر کی آرام دہ اورمعیاری سہولتوں میں اضافہ کرنے کے لئے فوری منصوبہ تیارکیا جائے`

جمعہ 8 مئی 2015 22:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 مئی۔2015ء) ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر) نسیم نواز نے کہاہے کہ فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے زیرا ہتمام شہریوں کو سفر کی خاطر خواہ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے ویگن سروس کومزید بہتراوراس کا دائرہ وسیع کیاجائے۔انہوں نے یہ بات فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے انتظامی ومالیاتی امور کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجازخالق،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن ملک خادم جیلانی،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مہر شفقت اﷲ مشتاق،سیکرٹری آر ٹی اے آصف نول،ای ڈی اوورکس اینڈ سروسز محمد اقبال ،ڈی ایس پی ٹریفک انجم کمال،ٹی ایم ایز سمیت میاں کمال الدین،چوہدری محمداشرف،محمد ریاض گل اور دیگر ممبرزنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے ہدایت کی کہ شہریوں کو اندرون شہر،تحصیلوں وقصبوں تک سفر کی آرام دہ اورمعیاری سہولتوں میں اضافہ کرنے کے لئے فوری منصوبہ تیارکیا جائے۔انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ اورٹریفک پولیس سے کہاکہ وہ اوور چارجنگ اور گنجائش سے زائد سواریاں بٹھانے اور فٹس کے مختص کردہ روٹس پر بغیر سٹکر چلنے والی ویگنوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیں۔

کمشنر نے ایڈمنسٹریٹر فٹس سے کہا کہ وہ اوران کا سٹاف دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے ویگینوں کی مانیٹرنگ کے لئے متعلقہ روٹس پرمتحرک نظر آنا چاہیے۔بصورت دیگر محکمانہ فرائض انجام نہ دینے والوں کو ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔انہوں نے فٹس کے انتظامی ومالیاتی معاملات کو شفاف رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپورٹ کے امور کو منظم رکھنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر سوسائٹی کے اخراجات اور آڈٹ رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران فیصل آباداربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے ممبران نے شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مزید بہتری کے لئے بعض تجاویز پیش کیں`

متعلقہ عنوان :