وزیر بلدیات بحران کو حل کرنے کی قدرت نہیں رکھتے تو استعفیٰ دیں،عبد الرزاق

کراچی کے دعویدار عوام کو زیادہ دیر تک بے وقوف نہیں بنا سکتے، امیر جماعت اسلامی ضلع غربی

ہفتہ 9 مئی 2015 22:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء) امیر جماعت اسلامی ضلع غربی عبد الرزاق خان نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا درد رکھنے والے سالوں سے اقتدار میں رہنے کے باوجود مسائل حل نہ کرسکے ۔ اپوزیشن میں آکر ان کے پیٹ میں عوامی مسائل کا درد اٹھنے لگتا ہے ۔گھوسٹ ملازمین کو بھرتی کراتے وقت ان لوگوں کو اداروں کی تباہی نظر نہ آئی۔ کراچی کے دعویدار عوام کو زیادہ دیر تک بے وقوف نہیں بنا سکتے۔

شہر کراچی میں پانی کا موجودہ بحران مصنوعی ہے اداروں کے درمیان تنازعے نے عوام کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے وزیر بلدیات بحران کو حل کرنے کی قدرت نہیں رکھتے تو استعفیٰ دیں۔ اورنگی ، سائٹ ، بلدیہ ، منگھوپیر ، کیماڑی ، گڈاپ سمیت ضلع غربی کے تمام علاقے پانی کی قلت کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

میئر افغانی اور نعمت اﷲ خان کے دور میں کراچی کبھی پانی کے بحران کا شکار نہیں ہوا ۔

آنے والے بلدیاتی انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کو منتخب کریں گے ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے انتخابی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین پبلک ایڈ مولانا فضل احد ، ناظم انتخاب گل رحیم ، نائب قیم خالد زمان شیخ ، سیکریٹری انتخابی کمیٹی ہدایت الرحمن بھی موجود تھے۔

عبد الرزاق خان نے کہا کہ کراچی کے نام نہاد دعویدار جب بھی اپوزیشن میں آتے ہیں اچانک ان کے پیٹ میں عوامی مسائل کا درد اٹھنے لگتا ہے ۔ اقتدار کے مزے لوٹتے وقت کبھی عوامی مسائل کی جانب توجہ نہیں دی ۔ گھوسٹ ملازمین کو بھرتی کراکے انہی لوگوں نے اداروں کو تباہ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور کے الیکٹرک نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے ۔

لوڈ شیڈنگ کے عذاب کے ساتھ ساتھ پانی کا بحران ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے ۔ متعلقہ محکمے آپس میں الجھ کر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں جب کہ صوبائی وزیر بلدیات عملی کام کرنے کے بجائے آئے روز اخبارات میں نت نئے بیان جاری کرتا ہے بیانات مسائل کا حل نہیں اگر موصوف مسائل حل کرنے پر قادر نہیں تو استعفیٰ دے دیں ۔ یہ کراچی کے عوام پر ان کا احسان ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تین مرتبہ کراچی کے بلدیاتی نظام کو سنبھالا اس دور میں کراچی ایک لمحے کے لئے بھی پانی کے بحران کا شکار نہیں ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلدیاتی انتخابات میں بھر پور حصہ لیں گے اور انشاء اﷲ عوام ہمارے نمائندوں کو ہی منتخب کریں گے ۔ کیوں کہ عوام یہ جان چکے ہیں کہ موجودہ حکمرانوں میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر عوام نے ہماراساتھ دیا تو کراچی کی روشنیوں کو لوٹا دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :