جنوبی ایشیاء میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے، ظفر اکبر بٹ

مقبوضہ علاقے سے مکمل بھارتی فوجی انخلاء، کالے قوانین کی منسوخی تک امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی، چیئرمین جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ

منگل 12 مئی 2015 17:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے جنوبی ایشیاء میں قیام امن یقینی بنانے کیلئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے ۔سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے اور اس سے خطے کے امن کو سنگین خطرہ لاحق ہے ۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسئلہ کشمیر کی وجہ سے کئی جنگیں ہو چکی ہیں اور مسئلہ کشمیر کے حل میں تاخیر کی وجہ سے پورے جنوبی ایشاء کے خطے کا امن داو پر لگاہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی برادری تنازعہ کشمیرکو کشمیری عوام خواہشات کے مطابق حل کرانے میں اپناکردار ادا کرے گا تو خطے کی آبادی مہلک ہتھیاروں اور ان کے تباہ کن نتائج سے بچ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ظفر بٹ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے سے مکمل بھارتی فوجی انخلاء اوروہاں رائج کالے قوانین کی منسوخی تک امن کی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم وتشدد سے کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک آزادی کودبایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی حق پر مبنی تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کر رکھا ہے اور وہ اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے حریت پسند قیادت پرزوردیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد و تفاق کو فروغ دیں۔جلاس کے آخر میں شہدائے کشمیر کی درجات بلندی اور کشمیری نظربندوں کی رہائی کیلئے دعا کی گئی۔