جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے بارہمولہ آتشزدگی سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی سامان کی تقسیم

متاثرہ بھائیوں کا خیال رکھنا ہماری دینی، ملی ، اخلاقی ذمہ داری ہے، شوکت احمد بخشی

منگل 12 مئی 2015 17:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی جانب سے بارہمولہ میں آتشزدگی سے متاثرہ کشمیریوں میں امدادی سامان تقسیم کیاگیا ۔لبریشن فرنٹ کے وفد نے نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی کی سربراہی میں بارہمولہ کے علاقے محلہ جلال کا دورہ کیا اور 6مئی کو آتشزدگی سے جل کر خاکستر ہونے والے 25مکانوں کے مالکان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرین میں چاول ، کمبل ،گرم بستر اور دیگر اشیائے ضروریہ تقسیم کیں اور فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی طرف سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا ۔ شوکت احمد بخشی نے اس موقع پر کہا کہ محمد یاسین ملک نے گزشتہ جمعہ کو متاثرین تک پہنچنے کی کوشش کی تھی لیکن پولیس نے انہیں یہاں آنے سے روکنے کیلئے گرفتار کرلیا تھا۔انہوں نے کہاکہ یہ ہم سب کی دینی،ملی اوراخلاقی ذ مہ داری ہے کہ ہم اپنے متاثرہ بھائیوں کا خیال رکھیں اور اْن تک جس قسم کی ممکن ہو مدد لے کر پہنچیں۔ وفد میں زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری، ڈپٹی جنرل سیکٹری زون فاروق احمد ڈار ، ضلع صدر بارہمولہ عبدالرشیدمغلواور الطاف احمد گجری، غلام محمد ڈار اور محمد حنیف ڈار شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :