تمام ٹیوب ویلوں کو دو یوم میں چیک کرکے پانی کی لیکچ کو مرمت کیا جائے،تمام یونین کونسلز میں دو،دوآئی آر ایس مشینیں بھجوادی گئیں

تمام سکولوں کی انسپکشن کیلئے 7 نکاتی ایجنڈا تشکیل دے دیا گیا،ایمرجنسی رسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی سمن آباد ٹاؤن کے اجلاس میں فیصلے

منگل 12 مئی 2015 17:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء) ڈائریکٹر ایجوکیشن مانیٹرنگ عبداﷲ فیصل نے واسا حکام کو سمن آباد ٹاؤن کی حدود میں واقع تمام ٹیوب ویلوں کو دو یوم کے اندر چیک کرنے اور پانی کی لیکچ کی صورت میں اسے فوری طور پر مرمت کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ایسی جگہوں کو ڈینگی لاروا کی پروان گاہیں بننے سے روکا جا سکے۔انہوں نے یہ بات یہاں سمن آباد ٹاؤن میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ٹاؤن میونسپل افسر ملک امتیاز اعوان،ڈینگی کے انسداد بارے کام کرنے والے تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں ٹی ایم او امتیاز اعوان نے بتایاکہ تمام یونین کونسل میں دو ،دو آئی آر ایس مشینیں بھجوا دی گئی ہیں جبکہ یو سی 84 میں 8 مشینیں بھجوائی گئی ہیں کیونکہ یہاں لاروا پائے جانے کی زیادہ شکایات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی ٹیموں نے 8 مئی سے اب تک 3240 انڈور جبکہ 2417 آؤٹ ڈور جگہوں کو چیک کیا تھا اور انڈور سے 4 جگہوں سے ڈینگی لاروا پایا گیا تھاجسے تلف کر دیا گیا۔

محکمہ تعلیم کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ انہوں نے تمام سکولوں کی انسپکشن کے لئے 7 نکاتی پروگرام تشکیل دیا ہے جس کے مطابق سکولوں میں صفائی،زیرو پیریڈکے انعقاد،طلبا میں آگہی کے لئے بینرز اور پمفلٹ کی تقسیم،آدھے بازوؤں والی شرٹس پر پابندی ،سکولوں میں پانی کی جگہوں کی لیکچ،ہفتہ میں چار سکولوں کی انسپکشن اورتمام سکولوں میں دو بار سپرے کئے جانے کو یقینی بنایا جائے گا۔

سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ وہ پی ایچ کے ساتھ مل کرکلین اینڈ گرین منصوبہ شروع کررہے ہیں جس کے تحت ویسٹ مینجمنٹ والے کوڑا کرکٹ کی صفائی یقینی بنائیں گے جبکہ پی ایچ اے والے وہاں پودے لگائیں گے۔یونین کونسلز کے سیکرٹریز نے رپورٹ پیش کی کہ انہوں نے ایک عرصہ کے دوران 56 قبرستانوں،75 کباڑخانوں جبکہ 58 ٹائر شاپس کو چیک کیاہے مگر کسی جگہ لاروا نہیں پایا گیا۔

متعلقہ عنوان :