تحریک آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ کیخلاف بیان ،مہاتما گاندھی کے پڑپوتے کیخلاف مقدمہ درج

منگل 12 مئی 2015 21:54

تحریک آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ کیخلاف بیان ،مہاتما گاندھی کے پڑپوتے ..

جالندھر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 مئی۔2015ء)تحریک آزادی کے ہیرو بھگت سنگھ کیخلاف بیان دینے پر مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا۔مذکورہ مقدمہ جن جاگرتی منچ کے چیئرمین کشن لال شرماکی شکایت پر درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایک رپورٹ کے مطابق تشارگاندھی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے جے پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہاتما گاندھی نے بھگت سنگھ کی سزائے موت کے خلاف اس لیے مداخلت نہیں کی تھی کیونکہ برطانوی حکمرانوں کے لیے وہ ایک مجرم تھے۔

کشن لال شرما کی تنظیم جن جاگرتی منچ کے بارے میں بتایاجاتا ہے کہ وہ گذشتہ بیس سال سے بھگت سنگھ کے حوالے سے پروگرام منعقد کرتی آئی ہے جبکہ دیگر تنظیموں کے رہنماؤں نے بھی اس کے ساتھ مل کر جالندھر پولیس کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں تشارگاندھی کے بارے میں تحریری شکایت کی۔کشن لال شرما نے تشار کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔پولیس کے مطابق تشار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔