بھارت اور مقامی آلہ کار معاشی ترقی کے نام پر کشمیریوں کا استحصال کر رہے ہیں‘ڈاکٹر محمد قاسم فکتو

بدھ 13 مئی 2015 16:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 مئی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلم دینی محاذ کے امیر ڈاکٹر محمدقاسم فکتو نے کہا ہے کہ بھارت اوراس کے مقامی آلہ کار 1947سے ہی کشمیریوں کا معاشی ترقی کے نام پر استحصال کرتے رہے ہیں۔ڈاکٹر قاسم فکتونے ایک بیان میں کہا کہ غلامی چونکہ مہذب انسانی فطرت کیخلاف ہے اسلئے زندہ ضمیر قومیں غلامی کی غیر فطری زندگی گزارنے کیلئے کبھی تیار نہیں ہوسکتیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے مقامی آلہ کار انسان کے روحانی تقاضوں کو ایک طرف رکھ کر صرف بے روز گای کے خاتمے،تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی کے نام پر کشمیریوں کودھوکہ دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر فکتو نے کہاکہ کشمیر میں مسلمانوں کے مکان، باغات،کاروباری مراکز اور دیگر املاک درحقیقت بھارت کے کنٹرول میں ہیں اور وہ جب چاہے کشمیریوں کو اس سب سے بے دخل کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اندلس اور فلسطین میں مسلمانوں کی جائیدادوں اور جموں میں 1947سے پہلے مسلمانوں کی جائیدادوں پر آج اغیار قابض ہے اسلئے غلاموں کی معاشی ترقی کی بات کرنا سب سے بڑا دھوکا اور فریب ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکمرانوں اورانکے مقامی آلہ کاروں کی طرف سے کشمیریوں کو مادی حیوان بنانے کی کوششوں کی بھر پور مخالفت کریں کیونکہ انسان جب معاشی حیوان بن جاتا ہے تو اس میں آزادی اور غلامی میں تمیز کرنے کی صلاحیت ختم ہوجاتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :